واقعہ کربلا کی یاد میں یوم عاشور کا مرکزی ماتمی جلوس (کل) نشتر پارک سے برآمد ہوگا

جمعرات 20 ستمبر 2018 22:06

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) 10 محرم الحرام کے واقعہ کربلا کی یاد میں یوم عاشور کا مرکزی ماتمی جلوس (کل) جمعہ کو نشتر پارک سے بر آمد ہو گا۔ جلوس کی قیادت بو تراب اسکائوٹس کریں گے۔ مرکزی جلوس سے قبل یوم عاشور کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں صبح 10 بجے منعقد ہوگی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے اور امام عالی مقام کے فضائل اور واقعہ کربلا بیان کریں گے۔

بعد ازاں سخت سیکورٹی اور اسکائوٹس کے حصار میں جلوس نشتر پارک سے بر آمد ہوگا جو نمائش چورنگی سے اے ایم اے جناح روڈ، سی بریز، صدر ریگل چوک سے گزرتا ہوا تبت سینٹر پر آئے گا جہاں شرکاء باجماعت نماز ادا کریں گے۔ جلوس میں شہداء کی یاد میں سبیلیں لگائی جائیں گی۔ تابوت، شبیہ علم و ذوالجناح برآمد ہوں گے، عزادار سینہ کوبی، زنجیر زنی اور قمہ کا ماتم کریں گے۔

(جاری ہے)

جلوس میں داخلے سے قبل عزاداروں کی مکمل چیکنگ کی جائے گی، پارکنگ کے لئے مزار قائد سے متصل گرائونڈ باغ جناح میں گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ جلوس کی سیکورٹی پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہوگی، بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز موجود ہوں گے، جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ ایم اے جناح روڈ کے اطراف کی تمام گلیاں کنٹینرز لگا کر بند کی گئی ہیں، جلوس کی گزر گاہوں پر موجود پٹرول پمپ، سینما گھر اور تمام مارکیٹوں کی دکانیں سیل ہیں جو10 محرم الحرام کے بعد کھولی جائیں گی۔

موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے، موبائل فون سروس جزوی طور پر بند رہے گی۔ نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد جلوس تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان، جامعہ کلاتھ، سٹی کورٹ ڈینسو ہال اور لائٹ ہاوس سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔