Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا دورہ متحدہ عرب امارات،دونوں ممالک کی قیادت کا معاشی تعاون کے فروغ، باہمی سرمایہ کاری میں اضافہ، تجارت میں درپیش مشکلات کے حل پر تبادلہ خیال

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان کو دورہ پاکستان کی دعوت،شیخ محمد بن زید النیہان نے دعوت قبول کرلی ،دفتر خارجہ

جمعہ 21 ستمبر 2018 00:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2018ء) وزیراعظم پاکستان عمران خان کے متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کے فروغ، باہمی سرمایہ کاری میں اضافہ، تجارت اور سرمایہ کاری میں درپیش مشکلات کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے، فریقین نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون اور دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں مل کر کام کرنے پر بھی اظہار خیال کیا ہے کیونکہ دونوں ممالک مشترکہ ثقافت و اقدار اور مضبوط تاریخی تعلقات میں جڑے ہیں۔

جمعرات کو دفتر خارجہ کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان کے درمیان ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی سطح کے مسائل بالخصوص پائیدار حکمت عملی کے ذریعے دہشتگردی کے خاتمے ، خطے میں انتہاء پسندی کے خلاف جنگ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات کی قیادت نے کہا کہ پاکستان ان کے ملک کا اہم تجارتی شراکت دار ہے اور وہ پاکستان میں ترقیاتی کوششوں میں حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے یو اے ای پاکستان مددگار پروگرام (یو اے ای پی اے پی) کے ذریعے پاکستانی عوام کی مدد کے لئے متحدہ عرب امارات کے کردار کو اجاگر کیا۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملی ہے ، یہ تعلقات گزشتہ نصف صدی سے زائد عرصے پر محیط ہیں جو معاشی اور تجارتی تبادلوں پر مبنی مختلف شراکت داریوں کی صورت میں بڑھے ہیں۔

ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان کو ان کے انتخاب اور پاکستان میں پرامن انتقال اقتدار پر مبارکباد دی۔ انہوں نے ان کے اصلاحاتی ایجنڈا پر عملدرآمد میں انکی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان کی دنیا بھر سے پولیو کے خاتمے کے لئے متحدہ عرب امارات کی عالمی کوششوں میں تعاون اور کردار کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

پاکستانی پروفیشنل، ہنر مند اور غیر ہنر مند مزدوروں کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے فریقین نے یہ اعتراف کیا کہ ان لوگوں نے متحدہ عرب امارات کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ فریقین نے خطے میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے خطے میں مسائل کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔ فریقین نے برداشت اور ترقی کے ایجنڈے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے علاقائی اور عالمی اہمیت کے مسائل پر مشترکہ نکتہ نظر پر اطمینان کا اظہار کیا جو کہ خطے میں امن و استحکام کے ضامن ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے پرامن ہمسائیگی کے حوالے سے اپنی اور اپنی حکومت کی سوچ اور افغانستان میں امن و استحکام کے لئے تعاون کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ولی عہد کو خطے میں امن و استحکام بالخصوص بھارت کے ساتھ جموں و کشمیر جیسے تمام تنازعات کے حل کے لئے مذاکرات کی خواہش سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے اور وفد کا پرتپاک استقبال کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے ولی عہد زید النیہان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے بخوشی قبول کر لی۔ وزیراعظم نے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان اور متحدہ عرب امارات کی آرمڈ فورسز کے ڈپٹی کمانڈر کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات