یوم عاشورہ ہمیں کربلا کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، واقعہ کربلا ہمیںجبر کے خلاف لڑنے اور حق وصداقت کی سربلندی کا درس دیتا ہے،

وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین کا یوم عاشورہ کے موقع پر پیغام

جمعہ 21 ستمبر 2018 16:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2018ء) وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ یوم عاشورہ ہمیں کربلا کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور ہمیں اس بات کا درس دیتا ہے کہ باطل کی طاقت حق کو کبھی نہیں دبا سکتی،واقعہ کربلا ہمیںجبر کے خلاف لڑنے اور آواز بلند کرنے اور حق وصداقت کی سربلندی کا درس دیتا ہے۔

یوم عاشورہ کے موقع پر جمعہ کو اپنے پیغام میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓاور ان کے رفقاء کی شہادت سے اسلام کو ایک نئی زندگی ملی۔ امام حسینؓ نے حق وصداقت اور اسلام کی سربلندی کیلئے اپنے بچوں تک کو قربان کر دیا اور ہمیں درس دیا کہ خدا کی اطاعت سب سے مقدس ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیںجبر کے خلاف لڑنے،آواز بلند کرنے اور حق وصداقت کی سربلندی کا درس دیتا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں میں امام حسینؓ کا غم مشترک ہے اور مسلمانوں کا اتحاد اور اخوان المسلمین در حقیقت شرپسند قوتوں کی شکست ہے۔ انہوں نے کہاکہ امام حسینؓ نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے ہمیںدرس دیا ہے کہ کبھی بھی برائی کے سامنے نہ جھکا جائے۔ انہوں نے کہاکہ حضورؐ کے خانوادہ نے الله تعالیٰ کی ذات سے اپنی محبت کو ثابت کرنے کیلئے مذہب کیلئے ہر طرح کی قربانی پیش کی۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ امام حسینؓ اور اہل بیت کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اسلام کی سربلندی کی جدوجہد جاری رکھیں۔