Live Updates

تیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے کیلئے ملک کو اقتصادی تنہائی سے باہر نکالنے کی مزید کوششیں کی جائیں، پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم رہتے ہوئے پڑوسی ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے کے آپشن پر غور کر سکتا ہے، ڈاکٹر مرتضیٰ مغل

جمعہ 21 ستمبر 2018 16:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2018ء) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بھارت سے باقائدہ مذاکرات کا عمل شروع کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے کیلئے ملک کو اقتصادی تنہائی سے باہر نکالنے کی مزید کوششیں کی جائیں۔ پاکستان کی چین کے سوا کسی پڑوسی یا علاقائی ملک سے خاطر خواہ تجارت نہیں ہے۔

سی پیک اور گوادر کی بندرگاہ سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں وقت لگے گا اس لئے ان دونوں منصوبوں پر انحصار کے ساتھ ساتھ دیگر اقدامات بھی کئے جائیں۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم رہتے ہوئے پڑوسی ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے کے آپشن پر غور کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سمیت دیگر حل طلب تنازعات کیلئے مذاکرات بہترین آپشن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سے تعلقات کی بہتری سے وسط ایشیاء اور ایران سے مستقبل میںلائی جانے والی گیس میں بھی حصہ دار بنا کر پاکستان راہداری کی صورت میں سالانہ اربوں روپے کا فائدہ حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین سالانہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔سمندر پار ممالک سے درآمدات کے بجائے اگر بھارت سے اشیاء منگوائی جائیں تو وہ کم قیمت ہونگی جس کا فائدہ عوام کو پہنچے گا جبکہ امپورٹ بل میں بھی کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت بین الاقوامی منڈی میں ایک دوسرے کے خلاف مسابقت کرنے کے بجائے مل کر کام کریں تو زیادہ فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات