ملک بھر میں یوم عاشور انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جارہاہے

جمعہ 21 ستمبر 2018 17:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2018ء) حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے رفقا کی عظیم قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں یوم عاشور انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جارہاہے۔جمعہ کو ملک کے تمام شہروں اور قصبوں سے علم، ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے۔ علمائے کرام اور ذاکرین اس موقع پر حضرت اما م حسین کی تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کررہے ہیں۔

سندھ میں محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک کراچی سے برآمد ہوا جو شام کو امام بارگاہ حسینیہ ایرانیہ کھارادر میں اختتام پذیر ہوگا۔ سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں صدر اور ایم اے جناح روڈ میں مرکزی جلوس کے راستے کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے جلو س کے منتظمین سے ملاقات کی اور متعلقہ حکام کو تمام سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

خیبرپختونخوا میں دس محرم الحرام کا علم اور ذوالجناح کامرکزی جلوس امام بارگاہ علمدار کربلا قصہ خوانی بازار پشاور سے نماز جمعہ کے بعد برآمد ہوا۔ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر صوبائی دارالحکومت میں موبائل فون سروس معطل ہے۔ کوہاٹ، بنوں، ہنگو ،لکی مروت ، پاراچنار، ڈیرہ اسماعیل خان اور صوبے کے دوسرے علاقوں میں علم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جارہے ہیں۔

بلوچستان میں کوئٹہ میں علم، تعزیہ اور ذوالجناح کا مرکزی جلوس صبح امام بار گاہ نیچاری علمدار روڈ سے بر آمد ہوا جو نماز مغرب کے بعد اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کے لئے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر کے تمام دس اضلاع میں علم ، ذوالجناح اور تعزیہ کے چھوٹے ،بڑے جلوس نکالے جارہے ہیں۔

مظفر آباد میں مرکزی جلوس مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہوا جو نماز مغرب کے بعداسی مقام پر اختتام پذیر ہوگا۔صدرمملکت عارف علوی نے نو اور دس محرم کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حضرت امام حسین کی شہادت کا واقعہ ہم سب کو اس بات کا درس دیتا ہے کہ ہمیں دہشت گردی، انتہاپسندی اور عدم برداشت پر مبنی نظریے کے خلاف لڑنے سے کبھی گریز نہیں کرنا چاہئے۔

انہوں نے محبت اور بھائی چارے کے فروغ پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اس دن کے موقع پر ہمیں اسوہ شبیری کی روشنی میں ٹھوس اقدامات کرنے کا عہد کرنا ہو گا جو انسانیت، جمہوریت کے استحکام اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اسلامی اقدار کے فروغ کا ضامن ہے۔صدر نے کہا کہ اس دن نواسہ رسول اور ان کے اہل بیت نے حق اور باطل کی جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور واقعہ کربلا کو پوری انسانیت بالخصوص امت مسلمہ کے لئے ایک عظیم مثال بنا دیا۔