Live Updates

پاکستان مذاکرات کے لئے تیار ہے لیکن بھارت پیچھے ہٹ گیا ہے، عالمی برادری بھی پاک بھارت مذاکرات کے حق میں ہے، لگتا ہے بھارتی حکومت اندرونی دبائو کا شکار ہے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی ٹی وی چینلز سے گفتگو

جمعہ 21 ستمبر 2018 19:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان مذاکرات کے لئے تیار ہے لیکن بھارت پیچھے ہٹ گیا ہے، عالمی برادری بھی پاک بھارت مذاکرات کے حق میں ہے، لگتا ہے کہ بھارتی حکومت اندرونی دبائو کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ٹی وی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارت سے کہا تھا کہ وہ ایک قدم بڑھائے تو ہم دو قدم بڑھائیں گے، وزیراعظم نے کہا کہ بھارت سے تعلقات اچھے ہوں گے خطے میں غربت کم ہو گی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کون مذاکرات کے حق میں ہے اور کون نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ بھارتی حکومت اندرونی دبائو کا شکار ہے، پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے لیکن تالی ایک ہاتھ سے نہیں دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ مودی حکومت آنے والے انتخابات کی تیاری کر رہی ہے، بھارتی انتخابات میں پاکستان مختلف موقف کو پذیرائی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ بھارت کے معاملات ان کے قابو میں نہیں، بھارتی حکومت کے اندر اختلاف رائے ہے، ساری دنیا نے دیکھا کہ بھارت کیسے امن کی کوشش کو ختم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے دیکھا کہ ہم امن کے لئے کھڑے ہیں، بھارت نے مانا کہ وہ ملاقات کریں گے لیکن بھارت کی کمزوری کھل کر سامنے آ گئی، بھارت میں کچھ لوگ بات چیت کرنا چاہتے ہیں، چند شدت پسند لوگ مذاکرات اور امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان میں کشمیر بنیادی تنازعہ ہے، کوئی بھی بات تب تک سنجیدہ نہیں ہو گی جب تک کشمیر پر بات نہیں ہو گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات