ایشیاءکپ، افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لیے بڑا ہدف دیدیا

گرین شرٹس کی ناقص فیلڈنگ ،چار کیچز چھوڑے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 21 ستمبر 2018 20:36

ایشیاءکپ، افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لیے بڑا ہدف دیدیا
ابو ظہبی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2018ء) ایشیا ءکپ کے سپر فور مرحلے میں قومی ٹیم کی ناقص فیلڈنگ کے باعث افغانستان نے پاکستان کو 258 رنز کا ہدف دے دیا ۔افغانستان کی جانب سے ہشمت اللہ شاہدی 97رنز کے ساتھ نمایاں رہے ،پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ایشیا ءکپ کے سپر فور مرحلے میں افغانستان نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کر دیا، افغانستان کے دونو ں ابتدائی بیٹسمین پویلین لوٹ گئے ،احسان اللہ 9 رنز جبکہ جارح مزاج کھلاڑی محمد شہزاد 20 رنز اور رحمت شاہ 36 رنز بنانے کے بعد محمد نواز کا شکار بنے ،کپتان اصغر افغان 67 رنز بنانے کے بعد ڈیبیو کرنے والے شاہین شاہ آفریدی کا پہلا شکار بنے، محمد نبی 7 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کی گیند پر حسن علی کی کیچ دے بیٹھے،نجیب اللہ زردان 5 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے ،ہشمت اللہ شاہدی نے 97جبکہ گلبدین نیب10 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے محمدنواز نے 3 ، شاہین شاہ افریدی نے 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں اور تجربہ کار لیفٹ آرم فاسٹ باﺅلر محمد عامر اور آل راﺅنڈر فہیم اشرف کو ڈراپ کرکے نوجوان لیفٹ آرم فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی اور لیفٹ آرم سپنر حارث سہیل کو کھلایا جا رہا ہے ، بھارت کے خلاف میچ میں زخمی ہونے والے شاداب خان بھی اس میچ کے لیے ٹیم کا حصہ نہیں ہیں اور ان کی جگہ لیفٹ آرم سپنر محمد نواز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابوظہبی کی پچ سپنرز کے لیے سازگار ہے۔پاکستان نے ایشیا کپ کے پہلے مرحلے کا آغاز بہترین انداز میں کیا اور ہانگ کانگ کو پہلے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے دی تھی، جس کے بعد دوسرے میچ میں اسے اسی مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ادھر افغانستان کی ٹیم اب تک ایونٹ میں ناقابل شکست ہے، اور اس نے سری لنکا کو اپنے پہلے میچ میں بھاری مارجن سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کو عبرتناک شکست سے دوچار کرکے پاکستان اور بھارت کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹورنامنٹ سے قبل 2 ون ڈے انٹرنیشنل ہوچکے ہیں، دونوں ہی پاکستان نے جیتے ہیں لیکن افغانستان کی ٹیم نے اپنے سپنرز راشد خان، مجیب اور محمد نبی کی وجہ سے حریف ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔