حضرت امام حسین ؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں سکھر میں یوم عاشور نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

جمعہ 21 ستمبر 2018 21:30

سکھر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2018ء) ملک کے دیگر حصوں کی طرح حضرت امام حسین ؓ اور انکے ساتھی شہدائے کربلا کی یاد میں سکھرسمیت ریجن بھر کے اضلاع میں یوم عاشور محرم الحرام جمعہ کے روز نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، سکھر میں عاشورہ محرم الحرام کا سب سے بڑا مرکزی ماتمی جلوس مرکزی امام بارگاہ غریب آباد سے برآمد ہوا جو بیراج روڈ، گھنٹہ گھر، مینارہ روڈ، اسٹیشن روڈ سے گزرتا ہوا مرکزی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا۔

شہر کے مختلف علاقوں سے نکلنے والے ماتمی جلوسوں کے علاوہ روایتی تعزیوں، ذوالجناح اور علم تعزیوں اور علم بردار عزادروں کے ماتمی چھوٹے بڑے جلوس شامل ہوگئے اور اپنے مقررہ راستوں سے گز ر کر اختتام پذیر ہوئے۔ یوم عاشور پر نکالے جانے والے ماتمی جلوس میں شامل عزاداران حسین ؓنے تعزیے اور علم اٹھا رکھے تھے۔

(جاری ہے)

چوک گھنٹہ گھر سمیت دیگر مقامات پر مجالس عزاداری میں ذاکرین نے واقعہ کربلا کے حوالے سے تقاریر کیں، شام کو مرکزی امام بارگاہ میں شام غریباں منعقد ہوئی۔

دہشتگردی کے اندیشہ کے پیش نظر یوم عاشور کے موقع پر پولیس، رینجرز اور انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کیلئے سخت ترین حفاظتی انتظامات اٹھائے گئے تھے۔وزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے دیگر وزراء کے ہمراہ سکھر، خیرپور، شکار پور،جیکب آباکا از خود فضائی جائیزہ لیا اور دورہ کیا ۔ یوم عاشور کے موقع پر پولیس اور رینجرز کے دستے مختلف مقامات پر تعینات کئے گئے، مجالس کے مقامات پر مختلف داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ لگا کر لوگوں کو گزارا گیا۔

عزاداروںکے ماتمی جلوسوں کی گزرگاہوں کی جانب جانے والے راستوں کو خاردار تاروں اور دیگر رکاوٹوں کے ذریعے بند کر کے لوگوں کو سخت چیکنگ کے بعد گزارا گیا اور دن بھر کڑی نگرانی کی جاتی رہی، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے محفوظ رہنے اور امن و امان کے قیام کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ جلوس کے راستوں پر پولیس اور رینجرز کی درجنوں عارضی چوکیاں قائم کی گئیں، عزاداروں کے ماتمی جلوس کے دوران رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری جلوس کے ساتھ ساتھ رہی اور راستے کی عمارتوں، اہم مقاما ت پر بھی پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔

ضلعی و پولیس انتظامیہ کی جانب سے جلوسوں کے راستوں میںعزاداروں کے ماتمی جلوسوں کی براہ راست مانیٹرنگ کیلئے شہر کے مختلف مقامات پر خفیہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے تھے جن کے ذریعہ جلوس کی مسلسل نگرانی کی جاتی رہی۔ یوم عاشور ہ کے موقع پر شہر کی گلیاں اور محلے عزاداروں سے بھر گئے۔ یوم عاشورپرپولیس اور رینجرز کے علاوہ سول ڈیفنس رضا کاروں اور مختلف اسکاؤٹس تنظیموں کے رضا کاروں نے سیکورٹی کے فرائض انجام دیئے۔

سکھر اور دیگر شہروں، دیہات سمیت مختلف مقامات پر پانی اور دودھ کی سبیلیں اور طبی امدادی کیمپ لگائے گئے۔ سکھر اور خیر پور میں سول ڈیفنس کی جانب سے ابتدائی طبی امدادی کیمپ لگائے گئے جہاں سول ڈیفنس اور وارڈن سروس آرگنائزیشن کے عملداروں نے ڈیوٹیاں سرا نجام دیں۔ یوم عاشورہ محرم الحرام کے حوالے سے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اور صحت کے عملہ کی مختلف مقامات پر لگائی گئی ڈیوٹیاں مقرر کی گئیں ہیں جنہوں نے جلوس میں شامل عزاداروںکو ابتدائی طبی امداد کی سہولت فراہم کی۔

گھوٹکی میں محرم الحرام کے حوالے سے گھوٹکی ایٹ میرپور ماتھیلو میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا جس میں ٹیلی فون، وائرلیس سیٹ اور کمپیوٹر نصب کئے گئے جس نے حکام کی زیر نگرانی مسلسل مانیٹرنگ کا کام سرا نجام دیا۔ کنٹرول روم میں ضلعی حکومت، پولیس و رینجرز کے اہلکار کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے ڈیوٹی پر موجود رہے۔ مزید براں سول ڈیفنس سکھر روہڑی کے تمام رینکس کے رضاکاروں نے یوم عاشورہ محرم الحرام کے دوران ڈیوٹی سر انجام دی۔