Live Updates

نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت امام حسین علیہ السلام اور انکے اہل خانہ کی لازوال قربانی کا دن تمام دنیا میں عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے ، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت

جمعہ 21 ستمبر 2018 21:30

سکھر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2018ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت امام حسین علیہ السلام او ر انکے اہل خانہ کی لازوال قربانی کا دن تمام دنیا میں عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے، جمعہ کے روز سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کراچی میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس میں انتظامات اور سہولیات کا معائنہ کرنے کے بعد سکھر، جیکب آباد، شکارپور، خانپور، خیرپور، کوٹڈیجی روہڑی اور سکھر شہر کا فضائی معائنہ کیا اور یوم عاشور کے انتظامات کا جائزہ لیا ہے ، ہر جگہ سکیورٹی کے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں سکھر اور دیگر شہروں میں انتظامیہ سے رپورٹ لی ہے، کوشش ہے کہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے خیرعافیت سے دن گزر جائے اور عزادار صحیح طریقے سے اپنی عقیدت کا اظہار کر سکیں۔

(جاری ہے)

غیرقانونی باشندوں کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ دینے والے بیان پر بات کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پارلیامنٹ میں اپوزیشن کی سخت مزاحمت کے بعد وزیراعظم عمران خان نے غیرملکیوں کو کارڈز دینے پر یوٹرن لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی لوگوں کو پاسپورٹ اور قومیت دینے کا کوئی جوز نہیں اس سے دیگر راستے کھلیں گے، اس سلسلے میں جو قانون اور آئین کے مطابق ہوگا اس پر اعتراض نہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کا منی بجٹ آگیا ہے گیس کے نرخ اور ٹیکسز بڑھ گئے ہیں ، حکومت کیسے چلتی ہے انہیں اب پتہ چل جائیگا۔ ڈیموں کے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پانی کو محفوظ کرنے کیلئے بہتر ایریگشن سسٹم اور نئی اسکیموں کی جانب بڑھنا ہوگا، یہ دیکھنا ہوگا کہ بدین اور ٹھٹہ ضلع پانی کی مزید رکاوٹ برداشت کرسکیں گے یا نہیں۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مرتضیٰ وہاب، صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز سید ناصر حسین شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات