ایشیاءکپ ،پاکستان سے ہا رنے افغان کھلاڑیوں کو رلا دیا

شعیب ملک ،بابر اعظم ، امام الحق کی شاندار نصف سنچریاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 22 ستمبر 2018 01:00

ایشیاءکپ ،پاکستان سے ہا رنے افغان کھلاڑیوں کو رلا دیا
ابو ظہبی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2018ء) ایشیاءکپ کرکٹ ٹورنامنٹ سپر فور مرحلے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو3وکٹوں سے ہرا دیا جس کے بعد افغان کھلاڑی گراﺅنڈپر روتے نظر آئے۔ ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا تاہم فخر پہلے ہی اوور بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

تاہم اس کے بعد امام الحق اور بابر اعظم نے پاکستانی اننگز کو استحکام فراہم کیا اور دونوں کے درمیان 154 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔ امام الحق 80 رنز بناکر رن آﺅٹ ہوگئے۔امام الحق کے آﺅٹ ہونے کے بعد بابر اعظم بھی 66 رنز بناکر جلد آﺅٹ ہوگئے جبکہ حارث سہیل بھی صرف 13 رنز ہی بناسکے۔

(جاری ہے)

کپتان سرفراز احمد بھی 8رنز بناکر گلبدین نائب کی فل ٹاس گیند پر بولڈ ہوگئے ،آصف علی بھی 7رنز بنا کر راشد خان کا شکار بن گئے ،محمد نواز 10رنز بنا کرراشد خان کے ہاتھو ں بولڈ ہوئے ،آخری اوو ر میں پاکستان کو جیت کیلئے10رنز درکار تھے اور شعیب ملک نے آفتاب عالم کو تین گیندوں پر ایک چوکا اور چھکا لگا کر پاکستان کو جیت دلائی ۔

میچ ہارنے کے بعد افغانستان کے کئی کھلاڑی پھوٹ پھوٹ کر روتے دیکھے گئے اور شعیب ملک نے افغان کھلاڑیوں کو دلاسا دیا ۔ اس سے قبل افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مڈل آرڈر بلے باز حشمت اللہ شاہدی کے 97 رنز کی بدولت اپنی اننگز میں 257 رنز بنائے۔پاکستان کے ابتدائی گیند بازوں کی نپی تلی بولنگ کے باعث افغانستان کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو سست آغاز فراہم کیا اور 31 رنز پر اس کی دو وکٹیں گرگئیں۔

اس موقع پر حشمت اللہ شاہدی اور رحمت شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 63 رنز کی شراکت فراہم کی۔ رحمت شاہ 36 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔بعدازاں اصغر افغان اور حشمت اللہ شاہدی کے درمیان شاندار 94 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کی بدولت افغانستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی۔اصغر 67 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے تاہم حشمت اللہ کی جانب سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رہا۔

دیگر افغان بلے بازوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور ان کے ساتھ مل کر پاکستانی بولرز کے خلاف گراونڈ کے چاروں طرف شاٹس لگائے۔حشمت اللہ نے 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آﺅٹ رہے۔پاکستانی فیلڈرز نے بھی افغانستان ٹیم کی بھرپور مدد کرتے ہوئے چار آسان کیچ ڈراپ کردیے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تین، شاہین شاہ آفریدی نے دو جبکہ حسن علی نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں تجربہ کار لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر، فہیم اشرف اور شاداب خان کی جگہ نوجوان لیفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، لیفٹ آرم سپنر حارث سہیل اور محمد نواز کو کھلایا گیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹورنامنٹ سے قبل 2 ون ڈے انٹرنیشنل ہوچکے ہیں، دونوں ہی پاکستان نے جیتے ہیں لیکن افغانستان کی ٹیم نے اپنے سپنرز راشد خان، مجیب اور محمد نبی کی وجہ سے حریف ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔دوسری جانب سپر فور مرحلے کے ایک اور میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ایشیاءکپ ،پاکستان سے ہا رنے افغان کھلاڑیوں کو رلا دیا