ایشیا کپ سپر فور مرحلہ، بھارت نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا، روہت شرما 83 رنز بنا کر ناقابل شکست، جدیجا کی 4 بمرا اور کمار کی 3، 3 وکٹیں، جدیجا میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

ہفتہ 22 ستمبر 2018 01:50

دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سپر فور مرحلے میں بھارت نے بنگلہ دیش کو با آسانی 7 وکٹوں سے ہرا دیا، فاتح ٹیم نے 174 رنز کا ہدف 36.2 اوورز میں 3 وکٹوں پر پورا کیا، روہت شرما 83 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ روندرا جدیجا نے 4، بھنشور کمار اور جسپریت بمرا نے 3، 3 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا، جدیجا میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو دبئی میں کھیلے گئے سپر فور مرحلے کے میچ میں بھارتی قائد روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی تو بنگلہ دیشی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49.1 اوورز میں 173 رنز پویلین لوٹ گئی، کمار اور بمرا نے لٹن داس اور نظم الحسین شانتو کو آئوٹ کر کے حریف ٹیم کی بیٹنگ کی کمر توڑ دی جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، مہدی حسن میراز 42 رنز بنا کر نمایاں رہے، لٹن داس اور نظم الحسین 7، 7، شکیب الحسن 17، مشفق الرحیم 21، محمد متھن 9، محموداللہ 25، مصدق حسین 12، کپتان مشرفی مرتضیٰ 26 اور مستفیض الرحمان 3 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، جدیجا نے 3، کمار اور بمرا نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں بھارتی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 37ویں اوور میں 3 وکٹوں پر حاصل کیا، روہت شرما اور شیکھر دھون نے ٹیم کو 61 رنز کا آغاز فراہم کیا، دھون 40 رنز بنانے کے بعد شکیب کی گیند کا نشانہ بنے، 106 کے سکور پر بھارت کی دوسری وکٹ گری جب امباتی رائیڈو 13 رنز بنانے کے بعد روبیل کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، 170 کے سکور پر دھونی 33 رنز بنا کر مشرفی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، شرما نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، کارتھک ایک رن بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، شکیب، روبیل اور مشرفی نے ایک، ایک وکٹ لی۔