بھارت،راہل گاندھی کا وزیراعظم پر صنعت کاروں کو فائدہ پہنچانے کا الزام

ہفتہ 22 ستمبر 2018 10:40

نئی دہلی۔22 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) بھارت اپوزہشن جماعت کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی پر ملک کے کچھ صنعت کاروں کو فائدہ پہنچانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کسانوں کا قرض معاف نہیں کیا گیا تاہم صنعت کاروں کا قرض معاف کردیا گیا۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے ڈونگرپور ضلع کے ساگواڑہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کسانوں کا قرض معاف نہیں ہوا لیکن وزیراعظم نے ملک کے پندرہ بیس صنعت کاروں کا ایک لاکھ تیس ہزار کروڑ روپے کا قرض معاف کردیا۔

انہوںنے کہا کہ ترقی پسند اتحاد (یو پی ای) حکومت نے فضائیہ کے لئے فرانس کی کمپنی سے 126 رافیل جنگی جہاز 526 کروڑ روپے فی جہاز کی حساب سے سودا کرکے اس کی تکنیک پبلک سیکٹر کمپنی کو دینے کا معاہدہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

لیکن مودی نے فرانس جاکر پبلک سیکٹر کی کمپنی سے یہ سودا چھین کر اپنے دوست انیل امبانی کو دے دیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت نے یہ سودا تین گنا زیادہ قیمت پر 1600 کروڑ روپے میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے حکومت میں جتنی رقم 126 جنگی جہازوں کو خریدنے کے لئے طے کیا گیا تھا مودی حکومت نے اتنے پیسے میں صرف 26 جنگی جہاز ہی خریدنے کا سمجھوتہ کیا ہے۔ اس تعلق سے انہوں نے وزیراعظم مودی سے کئی مرتبہ سوال کیا لیکن انہوں نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔