سعودی عرب کی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا’’ حرمین ٹرین ‘‘کے کرایوں کا باقاعدہ اعلان

ہفتہ 22 ستمبر 2018 10:40

ریاض۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) سعودی عرب کی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سربراہ اور ریلوے کے قائم مقام چیئرمین ڈاکٹر رمیح بن محمد الرمیح نے حرمین ایکسپریس ٹرین کے کرایوں کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔سعودی اخبار کے مطابق کرایوں کا فیصلہ ریلوے جنرل کارپوریشن کی مجلس انتظامیہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ وزیر نقل و حمل ڈاکٹر نبیل العامودی نے اجلاس کی صدارت کی۔

الرمیح نے بتایا کہ کرائے 2 زمروں میں رکھے گئے ہیں جن میں’’ گیسٹ کلاس‘‘ اور ’’بزنس کلاس‘‘ کی شکل میں درجہ بندی کی گئی ہے۔ جدہ میں السلیمانیہ ریلوے اسٹیشن سے مکہ مکرمہ گیسٹ کلاس کا کرایہ 40 ریال ہوگا جبکہ بزنس کلاس کا کرایہ 50 ریال مقرر کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ گیسٹ کلاس کا کرایہ 150ریال اور بزنس کلاس کا 250 ریال منظور کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دو ماہ تک دونوں کرایوں میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ اس کا سلسلہ اکتوبر سے شروع ہوگا۔ الرمیح نے حرمین ایکسپریس ٹرین کے اوقات کار کی بابت سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اکتوبر کے شروع سے دسمبر 2018ء کے اختتام تک جمعرات ، جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کو مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، جدہ السلیمانیہ اور کنگ عبداللہ سٹی سے ٹرینیں باقاعدہ طور پر چلیں گی البتہ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے حرمین ایکسپریس ٹرین کا سفر ائیرپورٹ او رریلوے اسٹیشن مکمل ہونے پر شروع کیا جائے گا۔ روزانہ 8ٹرینیں چلا کریں گی۔ دونوں جانب سے 4، 4ٹرینیں چلیں گی۔ 2019ء کے شروع سے حرمین ٹرین روزانہ کی بنیاد پر چلنے لگے گی۔