اللہ کا شکر ہے یوم عاشور خیر و عافیت سے گزرا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سلام پیش کرتا ہوں، خصوصاً ان جوانوں کو جنہوں نے انتھک محنت کی اور ثابت کیا پاکستان امن کا گہوارہ ہے، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی

ہفتہ 22 ستمبر 2018 10:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ یوم عاشور خیر و عافیت سے گزرا، میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سلام پیش کرتا ہوں خصوصاً ان جوانوں کو جنہوں نے انتھک محنت کی اور یہ ثابت کیا کہ پاکستان امن کا گہوارہ ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ سب نے ثابت کیا ہے کہ ہم میں اہلیت اور قابلیت ہے کہ ہم اس ملک کو عظیم سے عظیم مملکت بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں درس دیتا ہے کہ ظلم کا سامنا کرنا ہے اور ظالم کے آگے سر نہیں جھکانا اور نہتوں کے سر پر ہاتھ رکھنا ہے، آج پاکستانی قوم کو بدعنوانی کے خلاف، بربریت کے خلاف ایک ہونا ہے اور ایک ایسی قوم بننا ہے کہ آنے والی نسلیں پاکستان پر فخر کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسالک، مذاہب، اکائیوں، ہر سوچ اور فکر کے لوگوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔