متحدہ عرب امارات میں نجی گاڑیوں کا پبلک ٹرانسپورٹ کے طور پر استعمال ممنوع قرار دے دیا گیا

خلاف ورزی کی صورت میں تین ہزار درہم جرمانے کے علاوہ گاڑی ایک ماہ کے لیے ضبط کر لی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 22 ستمبر 2018 11:36

متحدہ عرب امارات میں نجی گاڑیوں کا پبلک ٹرانسپورٹ کے طور پر استعمال ..
ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 ستمبر 2018ء) پولیس نے خبردار کیا ہے کہ اپنی ذاتی گاڑی میں لوگوں سے پیسے لے کر اُنہیں لفٹ دینا یا کسی مقام پر پہنچانا قانونی طور پر ممنوع کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایک مہم چلائی جا رہے جس میں ڈرائیور حضرات کو مطلع کیا جائے گا کہ وہ اس ٹریفک خلاف ورزی سے باز رہیں۔ابو ظہبی پولیس نے ڈرائیورز کو خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی شخص اپنی نجی گاڑی میں لوگوں سے پیسے لے کر اُنہیں سوار کراتا ہے تو ایسی صورت میں اُسے تین ہزار اماراتی درہم کا جرمانہ ادا کرنا ہو گا، اُس کے ٹریفک لائسنس پر 24 بلیک پوائنٹس کا اندراج کرنے کے بعد گاڑی کو 30 دِن کے لیے ضبط کر لیا جائے گا۔

ٹرانسپورٹ سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیر ابراہیم سلطان الظابی نے بتایا کہ اس پابندی کا مقصد عوام کو لُوٹ مار اور فراڈ کی وارداتوں سے محفوظ رکھنا ہے۔

(جاری ہے)

غیر لائسنس شدہ ٹیکسی میں سفر کرنا کئی خطرات کا مُوجب بنتا ہے، جس میں جنسی ہراسگی، چوری، فراڈ، لڑائی جھگڑا شامل ہے۔ ماضی میں ایسے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں جن میں جرائم پیشہ افراد لوگوں کو گاڑی میں سوار کراتے ہیں اور پھر اُنہیں نقدی سے محروم کر دیتے ہیں جبکہ کئی واقعات میں خواتین کو جنسی ہراسگی کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے۔

یہ غیر لائسنس شدہ ٹیکسی ڈرائیورز زیادہ تر وہ لوگ ہوتے ہیں جو امارات میں غیر قانونی طور پر مقیم ہوتے ہیں۔ ابو ظہبی میں 2018ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران دو ہزار سے زائد ڈرائیورز کو اس بناء پر جرمانہ کیا گیا کہ وہ اپنی نجی گاڑیوں کو پیسوں کے عوض مسافروں کی ٹرانسپورٹیشن کے لیے استعمال کر رہے تھے۔ گزشہ جُون میں دُبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے کارپولنگ پرمٹس معطل کر دیئے گئے تھے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو پبلک ٹرانسپورٹ اور سواری کی دیگر ذرائع استعمال کرنے کی جانب راغب کیا جائے۔

روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے پلاننگ اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر محمد ابو بکر الہاشمی نے کہا کہ اتھارٹی کی جانب سے سمارٹ کار رینٹل، ٹیکسیز، لیموزین اور E-Hail جیسی سروسز عوام کو مہیا کی گئی ہیں تاکہ وہ محفوظ اور آرام دہ طریقے سے سفر کر سکیں۔