بھاٹی گیٹ ،تیس سالہ شخص گلے میں ڈور پھرنے سے جاں بحق ،وزیر اعلی نے نوٹس لے لیا

محمد فیصل گھر واپس جارہا تھاکٹی پتنگ کی ڈور پھرنے سے زخمی ہوگیا، میو ہسپتال لیجایا گیا مگر جانبر نہ ہو سکا

ہفتہ 22 ستمبر 2018 11:54

بھاٹی گیٹ ،تیس سالہ شخص گلے میں ڈور پھرنے سے جاں بحق ،وزیر اعلی نے نوٹس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) بھاٹی گیٹ کے علاقے میں تیس سالہ شخص گلے میں ڈور پھرنے سے زندگی کی بازی ہار گیا ،وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کر لی ۔بتایا گیا ہے کہ بھاٹی گیٹ کا رہائشی تیس سالہ محمد فیصل گھر واپس جارہا تھاکہ رات کے وقت پتنگ بازی کے دوران کٹی پتنگ کی ڈور اس کی گردن پر پھر گئی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا ۔

محمد فیصل کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔

(جاری ہے)

پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کردیا ہے ۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہناہے کہ پابندی کے باوجود قانون پر عملدرآمد نہ ہونا افسوسناک ہے ، پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے ۔غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے جبکہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے ۔