سرگودھا، لیاقت کالونی میں گھر سے دو بچیوں اور خاتون کی نعش برآمد، آئی جی پنجاب نے نوٹس لے لیا

ہفتہ 22 ستمبر 2018 11:54

سرگودھا، لیاقت کالونی میں گھر سے دو بچیوں اور خاتون کی نعش برآمد، ..
سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) شہر کے علاقہ لیاقت کالونی کے گھر سے دو ننھی بچیوں اور خاتون کی نعش برآمد ہونے کے تہرے کی واردات کا آئی جی پولیس پنجاب محمدطاہر نے نوٹس لیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔ پولیس تھانہ کینٹ نے مقتولہ مہرین کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔زرائع کے مطابق سرگودھا کے علاقہ 49 ٹیل لیاقت کالونی میں گھر سے دو ننھی بچیوں اور خاتون کی نعشیں برآمد ہوئیں تو انہیں ہسپتال منتقل کر کے پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں مقتولہ خاتون کے والد نے اپنے داماد شوکت پر قتل کا لزام لگایا ہے۔

تھانہ کینٹ نے تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات میں ماں کو دو کمسن جڑوا بچیوں ںسمیت تیز دھار آلہ سے موت کے گھاٹ اتار نے کی تفتیش کا دائرہ کار وسیع کردیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اور معلومات کی روشنی میں ملزم کی تلاش کے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

مقتولین کو قتل کر کے نعشیں کمرے میں بند کر کے تالہ لگادیا،تعفن پھیلنے سے اہل محلہ نے اطلاع دی تو پولیس نے تینوں میتیں قبضہ میں لیکر ہسپتال منتقل کیں۔

لیاقت کالونی چک نمبر 49شمالی کے اقبال کی بیٹی مہرین نے دو ماہ قبل ہی لیاقت کالونی کے شوکت سے دوسری شادی کی تھی جبکہ اس کے پہلے شوہر سے دو جڑواں بچجاں دوسالہ مہک اور ستائشہ ہیں جو اپنی ماں کے ساتھ شوکت کے پاس رہتی تھیں۔جن کا بچیوں کی وجہ سے اکثر جھگڑا رہتا تھا اور اسی میں تیز دھار آلہ سے قتل کر کے انکی نعشیں گھر کے کمرے میں بند کر کے ملزم فرار ہو گیا۔ پولیس تھانہ کینٹ تہرے قتل پر مصروف کاروائی ہے۔جس کا کہنا ہے کہ شوکت کے سامنے آنے پر تہرے قتل کا معمہ حل کر لیا جائے گا اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔