ریاض: حرمین ایکسپریس ٹرین سروس کا آغاز 4 اکتوبر سے ہو رہا ہے

450 کلومیٹر طویل ریلوے لائن پر صرف 5 سٹیشن مقرر کیے گئے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 22 ستمبر 2018 11:57

ریاض: حرمین ایکسپریس ٹرین سروس کا آغاز 4 اکتوبر سے ہو رہا ہے
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 ستمبر 2018ء) سعودی عرب کے وزیر نقل و حمل ڈاکٹر نبیل العامودی نے بتایا کہ حرمین ایکسپریس ٹرین کا آغاز 4 اکتوبر 2018ء سے ہو جائے گا۔ 450 کلومیٹر طویل ریلوے لائن کے کُل پانچ سٹیشن ہوں گے۔ اس پراجیکٹ کے لیے کُل 35 ٹرینیں مختص کی گئی ہیں جو300 کلومیٹر کی رفتار سے مسافروں کو اُن کی منزلِ مقصود پر پہنچائیں گی۔اس ٹرین پر روزنہ تقریباً ایک لاکھ 60 ہزار افراد سفر کریں گے اس لحاظ سے سالانہ 6 کروڑ افراد اس سہولت سے فائدہ اُٹھا سکیں گے۔

ڈاکٹر العامودی کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت مشکل اور چیلنج سے بھرپور منصوبہ تھا کیونکہ پہاڑی راستوں ، ساحلی مقامات اور دلدلی علاقوں میں ریلوے پٹڑی بچھانا یقیناًایک وقت طلب اور مشکل کام ہوتا ہے۔ حرمین ٹرین کی سہولت سے حجاج اور عمرہ زائرین کے علاوہ عام مسافر کا مکّہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان کا سفر انتہائی آرام دہ اور مختصر دورانیے کا ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نبیل العامودی کی زیر صدارت ریلوے جنرل کارپوریشن کی ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس بھی ہوا ۔ جس میں پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سربراہ اور ریلوے کے قائم مقام چیئرمین ڈاکٹر رمیح بن محمد الرمیح کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ حرمین شریفین کے کرایوں کی گیسٹ کلاس اور بزنس کلاس کی صورت میں درجہ بندی کی گئی ہے۔ مکّہ معظمہ سے مدینہ منورہ کا کرایہ گیسٹ کلاس کے لیے 150 ریال جبکہ بزنس کلاس کے لیے 250 ریال مقرر کیا گیا ہے۔

دو ماہ تک دونوں کرایوں میں پچاس فیصد رعایت دی جائے گی۔ اکتوبر کے آغاز سے دسمبر 2018ء کے اختتام تک جمعرات، جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مکہ معظمہ، مدینہ منورہ، جدہ السلیمانیہ اور کنگ عبداللہ سٹی سے ٹرینیں باقاعدہ طور پر چلیں گی البتہ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حرمین ایکسپریس ٹرین کی سفری سہولت ایئر پورٹ اور ریلوے اسٹیشن کی تکمیل کے بعد شروع کی جائے گی۔ ٹرین کی ویب سائٹ سے ٹکٹ ریزرویشن کی سہولت موجود ہو گی۔ اسٹیشنوں پر مسافروں کے لیے کھانے پینے کے ریستوران اور دیگر ضروری اشیاء بھی دستیاب ہوں گی۔مکّہ مکرمہ کا ریلوے اسٹیشن حرم شریف سے صرف چار کلومیٹر کی دُوری پر واقع ہے جبکہ مدینہ کا ریلوے اسٹیشن مسجد نبویؐ سے 9 کلومیٹر دُور بنایا گیا ہے۔