پاکستان کے لیے بڑا اعزاز، پاکستان عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کا ممبر منتخب

بورڈ آف گورنرز کے 11 ارکان کا انتخاب دو سال کے لیے کیا جاتا ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 22 ستمبر 2018 12:00

پاکستان کے لیے بڑا اعزاز، پاکستان عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے بورڈ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 ستمبر 2018ء) : پاکستان نے جوہری توانائی کے شعبے میں ایک بڑی اور اہم کامیابی حاصل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کا ممبر منتخب ہو گیا۔ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کا اجلاس ویانا میں ہوا جس میں چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن محمد نعیم کی سربراہی میں وفد شریک ہوا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پاکستان کو دو سال کے لیے بورڈ آف گورنرز کا ممبر منتخب کیا گیا۔اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان دو سال کیلیے بورڈ آف گورنر کا ممبر ہوگا۔ ترجمان پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن شاہد ریاض نے کہا کہ پاکستان کا انتخاب اس کے جوہری ٹیکنالوجی کے پُرامن استعمال کا عالمی سطح پر اعتراف اور سفارتی سطح پر ایک بہت بڑی کامیابی ہے ۔ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے کُل 170 ارکان میں بورڈ آف گورنرزمیں 35 ارکان شامل ہوتے ہیں۔ بورڈ آف گورنرز کے 11 ارکان کا انتخاب دو سال کے لیے کیا جاتا ہے ۔