راولپنڈی میں بھی یوم عاشورہ عقیدت و احترام سے منایا گیا

راولپنڈی پولیس کے 7000اہلکار ،ریسکیو 1122کے 500سے زائد اہلکار ڈیوٹی پر ماموررہے

ہفتہ 22 ستمبر 2018 12:19

راولپنڈی میں بھی یوم عاشورہ عقیدت و احترام سے منایا گیا
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی جمعہ کو یوم عاشورہ عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ شہر کے مختلف حصوں میں علم ذوالجناح کے جلوس نکالے گئے اور شام غریباں کا انعقاد کیا گیا ۔ یوم عاشورہ کے موقع پرجلوس کے راستوں پرسبیلوں اور لنگرکا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا ۔ اس موقع پرکسی بھی ممکنہ دہشت گرد ی کی روک تھام اور امن و امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی ریڈ الرٹ رہی ‘پا ک فوج اور رینجرز نے بھی پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کے ساتھ ملکر سکیورٹی خدمات سرانجام دیں ۔

ڈبل سواری پر پابندی ‘جلوس کے روٹ پر صبح سے رات گئے تک موبائل سروس مکمل جبکہ قریبی علاقوں میں جزوی معطل رہی اسی طرح میٹرو سروس بھی جمعہ کو بند رہی ‘جلوس کے پورے روٹ پر کنٹینرز اور دیگر نوعیت کی رکاوٹیں کھڑی کر کے محفوظ بنا یا گیا تھا۔

(جاری ہے)

360سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوس کے مکمل روٹ کی خفیہ نگرانی بھی کی گئی ‘ جلوس کی سکیورٹی کے لیے 07ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹیوں پر مامور رہے ۔

یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس کرنل مقبول امام بارگاہ سے صبح 11بجے بر آمد ہوا ‘اردگرد کی امام بارگاہوں اور دیگر مقامات سے روائیتی علم و ذوالجناح کے جلوس مرکزی جلوس کا حصہ بنے جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اپنے مقررہ وقت پر اختتام پذیر ہوا ۔یوم عاشورہ کے موقع پرامام بارگاہوں کی سیکیورٹی کے لیے بعض امام بارگاہوں کی بیرونی سکیورٹی رینجرز کے حوالے کی گئی تھی ۔

ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر ڈال کے مطابق یوم عاشور کے لیے راولپنڈی ضلع بھر کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی تھی ۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسکیو 1122راولپنڈی نے یوم عاشور پر ضلع بھر میں ریسکیورزکی چھٹیاں منسوخ کر دیں ۔اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق ضلع بھر میں مجالس،امام بارگاہ،جلسے جلوس کے ہمراہ داخلی خارجی راستوں پر ریسکیو کیمپ لگائے گئے جہاں ریسکیو ایمبولینسز اور ریسکیو اہلکارالرٹ رہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتِ حال میں عزاداروں کوبروقت اور بہتر طور پر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ سا تھ ر یسکیو 1122 کے تربیت یافتہ رضاکاروں نے بھی اپنے فرائض سرانجام دیے ۔قومی خبر ایجنسی کو موصولہ ایمرجنسی پلان کے مطابق راولپنڈی میں500سے زائد ریسکیو اہلکاروں کی سپیشل ڈیوٹی کنٹرول روم، ایمرجنسی ریسکیو اسٹیشنز، 34ایمرجنسی ایمبو لینسز،12 فائر وہیکلز، 05 ریسکیو اینڈ ریکوری وہیکلز،02 واٹر بائوزر، 20ریسکیو میڈیکل پوسٹیںاور 45موٹر بائیک ایمبولینسزپر لگائی گئی۔

360کیمروں کے زریعے جلوس کے 6کلومیٹر علاقے کو کور کیا گیا ۔چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی محمد بن اشرف کے مطابق یوم عاشور کے جلوس کے لیے مربوط ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا‘جلوس کے 200میٹر تک کے ایریا میں پارکنگ پر پابندی لگائی گئی ‘ٹریفک پولیس کے افسران اور جوان صبح سے رات گئے تک اپنے پوائنٹس پر موجود رہے اورتما م بند کیے گئے مقامات پر ٹریفک متبادل جگہوں پر چلانے کے لیے بھی ٹریفک اہلکار تعینات کیے گئے ۔

میٹرو بس اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق سکیورٹی اداروں کی سفارش پر جمعہ (دس محرم )(یوم عاشور ) کے موقع پر میٹروس بس سروس بند رہی ۔اس کے ساتھ ساتھ جلوس کے اندر اور باہر ریسکیو 1122‘ سول ڈیفنس ‘محکمہ صحت ‘ٹی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار موجود رہے ۔دریں اثناء جمعہ کو یوم عاشورہ کے موقع پر آر پی او راولپنڈی سمیت دیگر انتظامی افسران نے راولپنڈی کے مرکزی جلوس کے سیکورٹی انتظامات کے جائزہ کے لیے کنٹرول روم کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔