مسلمان اورمہاجرمخالف اے ایف ڈی ملک کی دوسری بڑی جماعت بن گئی

جرمن چانسلر میرکل کی جماعتوں سی ڈی یو اورسی ایس یو کے بلاک کی مقبولیت کم ہو کر 28 فیصد پر آ گئی ،عوامی سروے

ہفتہ 22 ستمبر 2018 12:36

مسلمان اورمہاجرمخالف اے ایف ڈی ملک کی دوسری بڑی جماعت بن گئی
برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) ایک تازہ عوامی جائزے کے بعد بتایاگیا ہے کہ اسلام اور مہاجرین مخالف دائیں بازوں کی سیاسی جماعت آلٹرنیٹیو فار ڈوئچ لینڈ (اے ایف ڈی) جرمنی کی دوسری سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے۔ اس جائزے کے مطابق حکومتی اتحاد اپنی حمایت کھو رہا ہے۔جرمن ریڈیو کی جانب سے کرائے جانے والے عوامی جائزے میں بتایاگیاکہ اے ایف ڈی جرمنی کی دوسری بڑی سیاسی جماعت بن گئی ہے۔

اس سروے کے مطابق انتہائی دائیں بازو کی یہ سیاسی جماعت اتحادی حکومت میں شامل جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس ڈی پی)کو عوامی مقبولیت میں اب پیچھے چھوڑ گئی ہے۔ اب یہ جماعت چانسلر میرکل کی سیاسی جماعت کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔ جرمن ووٹرز سے کیے گئے اس سروے کے مطابق اے ایف ڈی نو ستمبر کو ہونے والے سروے کے مقابلے میں دو فیصد مزید مقبول ہو گئی ہے اور اب اس کی مقبولیت کی شرح 18 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ ایس پی ڈی کی عوامی مقبولیت میں ایک فیصد کمی ہوئی اور اب اس کی شرح 17 فیصد ہے۔جرمن چانسلر میرکل کی جماعتوں سی ڈی یو اورسی ایس یو کے بلاک کی مقبولیت کم ہو کر 28 فیصد پر آ گئی ہے۔ تازہ ترین سروے کے مطابق حکومتی اتحاد کی کم ہوتی ہوئی مقبولیت کا فائدہ دیگر چھوٹی سیاسی جماعتوں کو بھی پہنچا ہے۔ مثلا ماحول دوست گرین پارٹی اور تجارت دوست فری ڈیموکریٹک پارٹی کی مقبولیت بھی بڑھ کر بالترتیب 15 اور نو فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ لیفٹ پارٹی کی مقبولیت کسی تبدیلی کے بغیر 10 فیصد پر قائم ہے۔

متعلقہ عنوان :