بھارت نے کشمیر کو ایک کربلا میں تبدیل کر دیا ہے، نہتے کشمیری گزشتہ ستر برس سے ظلم و جبر کا شکار ہیں،یاسین ملک

کشمیری پنچائتی انتخابات سے خود کو الگ رکھ کر بھارت اور مقبوضہ علاقے میں اس کی کٹھ پتلیوں کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنائیں،اجتماع سے خطاب

ہفتہ 22 ستمبر 2018 13:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر میں لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کے دعویدار بھارت نے کشمیر کو ایک کربلا میں تبدیل کر دیا ہے جسکے ہاتھوں نہتے کشمیری گزشتہ ستر برس سے ظلم و جبر کا شکار ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ کہ قابض بھارتی فورسز کے اہلکار بے دردی سے کشمیری نوجوانوں کو قتل کر رہے ہیں اور جیلوں و عقوبت خانوں میں انہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میںایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک طرف کشمیریوں کو آزادی مانگنے کی پاداش میں ظلم و جبر کا نشانہ بنا رہا ہے جبکہ دوسری طرف مقبوضہ علاقے نام نہاد انتخابی ڈھونگ رچا کر عالمی برادی کو گمراہ کرنے کی کوشش کر تا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کشمیریوں پر زور دیا کہ پنچایتی انتخابات سے خود کو بالکل الگ رکھ کر بھارت اور مقبوضہ علاقے میں اسکی کٹھ پتلیوں کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنائیں۔

محمد یاسین ملک نے قابض انتظامیہ کی طرف سے سرینگر میں یوم عاشور کے جلوسوں پر طاقت کے وحشیانہ استعمال او عزاداروں کی گرفتار کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دینی معاملات میں کھلی مداخلت قرار دیا۔ انہوںنے کہا کہ امام حسین ؓ اور انکے مٹھی بھر ساتھیوں نے حق کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیااور ہمارے لئے تاابد ایک مثال بن گئے۔انہوں نے کہا کہ اما م عالی مقام ؓ نے ظالموں اور جابروں کی بالادستی کو قبول کرنے سے انکار کیا اور حق کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے اور اپنی جان قربان کی۔

محمد یاسین ملک نے کہا کہ اس وقت ہمارے دشمن ہمیں مسلکی ، گروہی اور فرقہ وارانہ بنیادوں تقسیم کرنا چاہتے ہیںاور یہ ہم سب کا فرض ہے کہ ہم اپنے دشمنوں کے ان مکروہ عزائم کواپنے اتحاد و اتفاق اور بھائی چارے سے شکست دیں۔