گرلز ہائیر سکینڈری سکول شیر گڑھ میں پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ سٹاف نہ ہونے باعث کلاسز کا اجراء نہیں ہو سکا

ہفتہ 22 ستمبر 2018 13:16

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) شیر گڑھ کے گرلز ہائیر سکینڈری سکول میں ایس ایس کی 11 پوسٹوں سمیت تدریسی عملہ کی 17 پوسٹیں خالی ہونے کے سبب امسال انٹر میں پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ میں سائنس مضامین کیلئے سٹاف نہ ہونے کے باعث کلاسز کا اجراء نہ ہو سکا۔ طالبات کیلئے انٹر کلاسز میں بمشکل آرٹس گروپ میں داخلے مل سکے۔

تحصیل اوگی کی یونین کونسل شیر گڑھ، کروڑی، شنگلی بانڈی کے اس اکلوتے گرلز ہائیر سکینڈری سکول میں سٹاف کی کمی نے طالبات کے مستقبل کو دائو پر لگا دیا۔ سماجی رہنما سلطان محمد اور دیگر اہلیان یو سی شیر گڑھ نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ سابق رکن قومی اسمبلی نوابزادہ صلاح الدین سعید کی کاوشوں سے شیر گڑھ گرلز سکینڈری سکول میں انٹر میں سائنس کلاسز کا اجراء ہوا تھا مگر محکمہ اعلیٰ تعلیم کے حکام کی ملی بھگت سے یہاں تعینات سٹاف کی بہت سی ٹیچرز نے یکے بعد دیگرے اپنے تبادلہ من پسند سکولوں میں کر دیئے جس کی وجہ سے اب سکول ہذا میں انٹر کلاسز میں سائنس پڑھانے کا کوئی بندوبست نہیں حالانکہ پہلے سائنس کلاسز چلتے رہیں، حکومت نے سائنس کلاسز کا نوٹیفکیشن بھی کر رکھا ہے مگر عمل درآمد کی کسی کو پرواہ ہی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

11 ایس ایس کی پوسٹیں خالی ہیں دیگر چھ پوسٹیں بھی تعیناتی کی منتظر ہیں، سکول میں ایس ایس کی پوسٹیں خالی ہونے کے سبب پری میڈیکل اور پری انجینرئنگ میں کلاسز کا اجراء مشکل ہو گیا۔ انہوں نے تحصیل اوگی حلقہ پی کی33- سے پی ٹی آئی کے ممبر صوبائی اسمبلی نوابزادہ فرید سے مطالبہ کیا ہے کہ گرلز ہائیر سکینڈری سکول شیر گڑھ میں سٹاف کی کمی کو فوری روکا جائے۔