پاکستان سمیت دنیا بھر میں سیاحت کا عالمی دن 27 ستمبر کو منا یا جائی گا

ہفتہ 22 ستمبر 2018 13:25

پاکستان سمیت دنیا بھر میں سیاحت کا عالمی دن 27 ستمبر کو منا یا جائی گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں سیاحت کا عالمی دن 27 ستمبر کو منا یا جائے گا۔اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی قرارداد کے مطابق 1970ء سے ہرسال سیاحت کا یہ عالمی دن ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کی انتظامی کونسل کی سفارشات پر منایا جا رہا ہے۔ یہ دن منانے کا مقصد دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ سیاحت بین الا قومی برادری کے لیے ناگز یر ہے اور سیاحت سماجی، ثقافتی اور اقتصادی حالات پر براہ راست اثر اندا ز ہوتی ہے۔

پاکستان کا شمار دنیا کے ان چند ممالک میں ہوتا ہے جو مہم جوئی پرمبنی سیاحت ،قدرتی خوبصورتی ، مذہبی سیاحت اور تاریخی مقامات سے مالامال ہے۔ پاکستان کے قدرتی مناظر میں ساحل سمند رسے لے کر آسمان کو چھوتی برف پوش پہاڑی چوٹیاں، خوبصورت آبشار یں۔

(جاری ہے)

چشمے و جھرنے، سرسبز گھنے جنگلات سے بھر ے پہاڑ اور وادیاں، خوابوں سے بھری رومان خیز جھیلیں اور وسیع و عریض دنیا کے مشہورصحرا شامل ہیں۔

ملک میں تاریخی مندر،سکھوں کے قدیم مذہبی مقامات اور بدھ مت کی تاریخی نشانیاں ٹیکسلا اور گندھارا کی قدیم تہذیبوں کی صورت میں موجود ہیں۔ ان کے علاوہ صدیوں پرانی تہذیب کے آثار قدیمہ، ثقافت اور صوفی ازم بھی سیاحوں کی خصوصی دلچسپی کا مرکز ہیں۔ ملک کے دلکش قدرتی مناظر کے بیشتر علاقے صوبہ سرحد اور شمالی علاقہ جات میں واقع ہیں ان میں مشرق کے سوئٹر ز لینڈ وادی سوات کے علاوہ رومان پر ور وادی کا غان، گلیات ،وادی کیلاش، وادی ہنزہ ،شنگر یلا وغیر ہ ملکی وغیر ملکی سیاحوں کی خاص توجہ کے مرکز ہیں۔ پاکستان میں کے ٹو،نانگا پربت ،چترال،اسکردو ،گلگت ،ہنزہ ،سوات، ہزارہ، مری اور کشمیر کے پہاڑی سلسلے سیاحوں کے لیے کشش کا باعث ہیں۔