تشدد اور دہشت گردی عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، بلاول بھٹوزرداری

دنیا کو اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے ناانصافی، ظلم، عدم مساوات اور غریبوں کے استحصال کے خلاف لڑنا ہو گا، چیئرمین پیپلزپارٹی کاعالمی یوم امن پر پیغام

ہفتہ 22 ستمبر 2018 13:25

تشدد اور دہشت گردی عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، بلاول بھٹوزرداری
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کرہ ارض پر مکمل امن انسانی خوشحالی کا واحد راستہ ہے، تشدد اور دہشت گردی عالمی امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں۔عالمی یوم امن پر پیغام دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ دنیا کو اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے ناانصافی، ظلم، عدم مساوات اور غریبوں کے استحصال کے خلاف لڑنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے بڑے مقصد کی خاطر ہمیں پسے ہوئے طبقات کی آواز بننا ہو گا۔بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ عالمی برادری ترقی پذیر معاشروں میں جمہوریت کی نشوو نما میں مدد دے۔ جمہوریت، مساوات، اور شفافیت کو تقویت دے کر ہی تنازعات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر انسانی حقوق کا تحفظ ہر معاشرہ کی ذمہ داری ہے، پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ امن کی راہ میں ہم نے ہزاروں شہریوں اور فوجی جوانوں سمیت بڑے پیمانے پر سیکیورٹی اہلکاروں کی جانوں کا نذرانہ ہیش کیا ہے، مسلم دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم اور سینکڑوں سیاسی کارکن دہشت گردی کا شکار ہوئے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک اور پوری دنیا میں بحالی امن کی جدوجہد جاری رکھنے کا وعدہ کرتی ہے اور وہ ناانصافی اور غربت کے خاتمے اور بھائی چارہ کے فروغ کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔