وزیراعلی سندھ کا یومِ عاشورہ کے ماتمی جلوسوں کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سندھ بھر میں جلوسوں کا دورہ

اس ماہ کے آخر میں سندھ کابینہ میں مزید وزراء شامل کیے جائیں گے، پانی کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے ،ڈیم بننے سے پہلے اس پر تجزیہ ہونا چاہیے،مرادعلی شاہ

ہفتہ 22 ستمبر 2018 13:29

وزیراعلی سندھ کا یومِ عاشورہ کے ماتمی جلوسوں کے انتظامات کا جائزہ لینے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ عاشورہ کے ماتمی جلوسوں کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے جمعہ کو سندھ بھر میں جلوسوں کا دورہ کیا ۔ اس حوالے سے وزیراعلی سندھ نے سب سے پہلے کراچی کے ماتمی جلوس میں شرکت کی اور وزیراعلی سندھ کے مشیر مرتضی وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیراعلی سندھ نے ایم اے جناح روڈ کے ماتمی جلوس میں شرکت کی اور اس دوران انہوں نے جلوس کے منتظمین سے ملاقاتیں بھی کیں۔

وزیراعلی سندھ نے ایم اے جناح روڈ سے ایکسپریس مارکیٹ تک جلوس کی قیادت کی ۔ انہوں نے ایکسپریس مارکیٹ پر بوہری کمیونٹی کی قائم کی گئی ایمبولینس سروس کا بھی معائنہ کیا۔دریں اثناء وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کراچی میں جلوس کا معائنہ کرنے کے بعد سکھر روانہ ہوئے جہاں انہوں نے روہڑی، ضلع سکھر کے ماتمی جلوس کا فضائی معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ناصر شاہ اور وزیراعلی سندھ کے مشیر مرتضی وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے روہڑی، شکارپور ، خیر پور،کوٹ ڈیجی اور لاڑکانہ کے ماتمی جلوسوں اور جاری مجالس کا بھی فضائی جائزہ لیا۔دریں اثنا وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سکھر ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں گذشتہ چند سالوں سے محرم الحرام کی مجالس اور ماتمی جلوسوں کی سیکوریٹی کے انتظامات کاجائزہ لے رہا ہوں اور آج کے دن ماتمی جلوسوں کاجائزہ لینے کے لیے میں نے کراچی سے شروعات کی اور اس کے بعد روہڑی، شکارپور، کانپور، جیکب آباد، کوٹ ڈیجی اور لاڑکانہ کے جلسوں کا بھی فضائی جائزہ لیا۔

وزیراعلی سندھ نے سکھر میں میڈیا سے کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت چیزیں بیچنے سے اب اصل گورننس کی طرف آجائے۔وزیر اعلی سندھ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے منی بجٹ دے کر ٹیکس بڑھا دیئے ہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ماہ کے آخر میں سندھ کابینہ میں مزید وزراء شامل کیے جائیں گے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پانی کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے اور ڈیم بننے سے پہلے اس پر تجزیہ ہونا چاہیے کہ سسٹم میں پانی موجودہے بھی یانہیں اگر سسٹم میں پانی موجود ہی نہیں تو ڈیم بنانے سے کیا فائدہ۔

میڈیا کو بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر ملکی یا تارکین وطن کو پاکستانی شہریت نہیں دینی چاہیے۔ دریں اثنا وزیر اعلی سندھ نے کراچی واپسی پر ایم اے جناح روڈاورشاہِ خراسان کے ماتمی جلوسوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔ اوراس دوران مرتضی وہاب بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بی آر ٹی گرین لائن پروجیکٹ کے کام کا بھی فضائی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اس کے کچھ حصوں پر کام کی رفتار تیز کرنی ہوگی۔ انہوں نے مختلف اسپورٹس گرائونڈ کا بھی فضائی معائنہ کیا اور کہا کہ جو اسپورٹس گرائونڈ خراب ہو گئے ہیں ان کو ٹھیک کروائیں گے ۔انہوں نے نالوں کا فضائی معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ نالوں کی صفائی صحیح نہیں ہو رہی،اس کام کو بھی خاص توجہ دینی ہوگی۔