وزیراعلی سندھ کاسی پی او کے کمانڈ اینڈ کنٹرول کا دورہ

ہفتہ 22 ستمبر 2018 13:32

وزیراعلی سندھ کاسی پی او کے کمانڈ اینڈ کنٹرول کا دورہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سی پی او کے کمانڈ اینڈ کنٹرول کا دورہ کیا جہاں آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جیز اور کمشنر کراچی نے ان کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت سی پی او میں غیر رسمی طورپرامن و امان پر اجلاس ہوا۔

اجلاس میں آئی جی، ایڈیشنل آئی جیز آفتاب پٹھان، ڈاکٹر ولی اللہ دھل، کمشنر کراچی صالح فاروقی شریک تھے۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ 10محرم الحرام کواللہ کے کرم سے سیکوریٹی انتظامات اچھے رہے اوراس کا کریڈٹ پولیس ، رینجرز اور دیگر امن و امان قائم کرنے والے ایجنسیز کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے 2 ڈویژن کے تمام حساس شہروں کا فضائی معائنہ کیا،ہر جگہ اچھے انتظامات تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اعلی پولیس حکام کو پولیس یونیفارم تبدیل کرنے کی ہدایت کر کی۔انہوں نے کہا کہ پولیس والے شدید گرمی میں ڈیوٹی انجام دیتے ہیں اس لیے انہیں ٹی ۔ شرٹ کا استعمال بھی کروائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ٹریننگ سینٹرز کو بھی زبردست بنانا ہے۔وزیر اعلی سندھ نے پولیس ، رینجرز اور انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کی اچھی کو آرڈینیشن نے محرم الحرام کو پر امن بنایا۔