Live Updates

میں بھی ڈیم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالوں گا

ہاتھ پھیلانا چھوڑیں، اپنی چیزیں بہتر بنائیں ،ڈاکٹرعاصم کنسٹرکشن اور گاڑی مافیا ایک بار پھر جیت گئے ہیں، ڈیم فنڈز میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا اچھا رسپانس نہیں ہے، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 22 ستمبر 2018 13:29

میں بھی ڈیم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالوں گا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی طور پر تباہ ہوچکا ہے،ہاتھ پھیلانا چھوڑیں، اپنی چیزیں بہتر بنائیں ، منی بجٹ میں ٹیکس دینے والوں کو مار دیا ہے، ملک میں ٹیکس پیئرز بڑھانے چاہئیں، کنسٹرکشن اور گاڑی مافیا ایک بار پھر جیت گئے ہیں، ڈیم فنڈز میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا اچھا رسپانس نہیں ہے۔

ہفتہ کواحتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ نئی حکومت کے منی بجٹ نے ٹیکس دینے والوں کو ایک بار پھر مار دیا ہے۔ بہتر ہوتا حکومت کھانے پینے کی مہنگی اشیاء پر پابندی لگاتی اور ٹیکس کا دائرہ کار بڑھاتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گیس کے بہت زیادہ ذخائر ہیں سمجھ نہیں آتا گیس کیوں نہیں نکالی جاتی جب کہ اللہ نے پاکستان کو بہت نواز رکھا ہے، ہمیں خود پر انحصار کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر تباہ ہو چکا ہے، حکمران بھیک مانگنا چھوڑیں اور اپنے معاملات کو بہتر بنائیں۔ڈاکٹرعاصم نے کہاکہ پانی کی قلت قومی مسئلہ بن چکا ہے، چیف جسٹس نے ڈیم بنانے کے حوالے سے بہت ہی اچھا اقدام اٹھایا ہے میں بھی ڈیم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالوں گا، دیگر سیاستدانوں اور تمام لوگوں کو اس قومی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے حصہ لینا چاہیے۔دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم ضرور بنیں گے اور فنڈز سے ہی بنیں گے، ڈیم فنڈز میں وزیراعظم عمران خان کے پرستار ہی فنڈز دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خا ن کرپشن کے خلاف جو کررہے ہیں ، ہم ان کے ساتھ ہیں،کسی کو انتقامی کارروائی کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے، مجھ پرجعلی مقدمات بنائے گئے،ان پر نظر ثا نی کرنی چاہیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات