Live Updates

فاروق ستار کا این اے 245 کے انتخابی نتائج چیلنج کرنے کا اعلان

میرے پاس این اے 245میں بے ضابطگیوں کے ناقابل تردید شواہد ہیں،فیصلہ آنے تک عامرلیاقت کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے، ڈاکٹرفاروق ستار

ہفتہ 22 ستمبر 2018 13:36

فاروق ستار کا این اے 245 کے انتخابی نتائج چیلنج کرنے کا اعلان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے این اے 245 کے انتخابی نتائج کوالیکشن کمیشن میں چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ فیصلہ آنے تک عامرلیاقت کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔ہفتہ کوسٹی کورٹ میں لائوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کے مقدمے کی سماعت ہوئی، ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے سولجر بازار تھانے میں درج مقدمے میں پولیس فائل طلب کرتے ہوئے سماعت 3اکتوبر تک ملتوی کردی، فاروق ستار کے خلاف تھانہ نیوٹائون اور تھانہ سولجر بازار میں دو مقدمات زیر سماعت ہیں۔بعدازاں میڈیاسے گفتگو میں ڈاکٹرفاروق ستار نے کہاکہ الیکشن ٹربیونل میں این اے 245 کے نتائج چیلنج کرنے جارہا ہوں، جس کے لیے ان کی قانونی ٹیم نی850صفحات کی درخواست تیارکرلی ہے،درخواست میں عامرلیاقت کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی استدعا بھی کی جائے گی جبکہ درخواست کے ساتھ بے ضابطگیوں کے شواہدبھی منسلک کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میرے پاس شواہد موجود ہیں امید ہے الیکشن ٹربیونل مجھے سنے گا اور فیصلہ میرے حق میں آئے گا۔انہوں نے کہاکہ میرے پاس این اے 245میں بے ضابطگیوں کے ناقابل تردید شواہد ہیں، صرف این ای245 میں 22ہزار بیلٹ پیپرزغائب ہیں، 22 ہزار بیلٹ پیپرز غائب ہونے کے شواہد فارم 46 میں موجود ہیں۔فاروق ستارنے کہاکہ ہمارے پولنگ ایجنٹس کو باہرنکال دیاگیا، کسی پولنگ ایجنٹ کو فارم 45 فراہم نہیں کیا گیا۔

ڈاکٹرفاروستار نے کہاکہ عوام کی خدمت میری زندگی کا مشن ہے، میرا سیاسی مستقبل لوگ طے کریں گے، لوگ جو فیصلہ کریں قبول ہوگا۔واضح رہے کہ فاروق ستار نے کراچی سے قومی اسمبلی کے 2 حلقوں این اے 245 اور این اے 247 سے انتخابات میں حصہ لیا تھا اور دونوں ہی نشستوں سے ہار گئے تھے، این اے 245 میں ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے عامر لیاقت کامیاب قرار پائے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات