مکّہ:مقامی حج کمپنیوں کے لیے لائسنس کی تجدید کا عمل 30 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے

کمپنیوں کے لیے حج سیزن کے اختتام پر اگلے سال کے لیے لائسنس کی تجدید کروانا لازمی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 22 ستمبر 2018 13:28

مکّہ:مقامی حج کمپنیوں کے لیے لائسنس کی تجدید کا عمل 30 ستمبر سے شروع ..
مکّہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 ستمبر 2018ء) وزارت حج و عمرہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ مقامی حج سروس کمپنیوں کے لائسنس کی تجدید کے لیے درخواستوں کی وصولی کا کام 30 ستمبر 2018ء سے شروع ہو رہا ہے۔ حج سروس کے لیے لائسنس کی تجدید سالانہ بُنیادوں پر ہوتی ہے۔ ہر سال حج سیزن کے اختتام پر لائسنس کی میعاد ختم ہو جاتی ہے جس کے بعد لائسنس کی تجدید کروانی ہوتی ہے جو اگلے حج سیزن کے اختتام تک مؤثر رہتی ہے۔

وزارت کے مطابق حج کمپنیوں کے لیے لائسنس کی تجدید کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا جا رہا ہے جس کے بعد کوئی نئی درخواست منظور نہیں کی جائے گی۔ مقامی حج کمپنیوں کو ایک سرکاری خط فراہم کیا جائے گا جو اُنہیں وزارت تجارت و سرمایہ کاری میں پیش کرنا ہو گا تاکہ وہ اپنی کمرشل رجسٹریشن کی تجدید کروا سکیں اور اگر کمپنی کا پتہ تبدیل ہو گیا تو اُس کا بھی اندراج ہو سکے۔

(جاری ہے)

وزارت کی جانب سے لوکل حج کمپنیوں کے مالکان اور ڈائریکٹرز کو کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ درخواست کے ساتھ ایسے خط بھی پیش کریں جن سے پتا چلتا ہو کہ وہ مجرمانہ ریکارڈ کے حامل نہیں ہیں اور اسی نوعیت کا خط سول افیئرز ڈیپارٹمنٹ کو بھی پیش کرنا ہو گا تاکہ وہاں سے سول افیئرز معاملات میں کلیئر ہونے کا سر ٹیفکیٹ مِل سکے۔ وزارت کے مطابق کسی حج کمپنی یا ادارے کو 3 اکتوبر 2018ء کے بعد وزارت تجارت وسرمایہ کاری سے سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے کوئی خط جاری نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وزارت نے فیصلہ کیا ہے کہ حج اور عمرہ کو ایک صنعت کا درجہ دیا جائے تاکہ سعودی عرب کی معیشت میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکے۔ وِژن 2030ء کے تحت ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں کہ اگلے سالوں میں ہر ہجری سال کے دوران کم از کم تین کروڑ افراد عمرہ کی سعادت حاصل کر سکیں۔ وزارت نے ہجری سال 1440ء کے لیے تقریباً پچاسی لاکھ افراد کے عمرہ کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

اس ہدف کی تکمیل کے لیے وزارت کے اہلکار دِن رات مصروف ہیں اور دیگر حکومتی اداروں سے معاونت اور مشاورت بھی جاری ہے۔ تاکہ عمرہ زائرین کو اپنے مقدس فریضے کی تکمیل کے دوران کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ عمرہ سے متعلق امور کی تیزی سے انجام دہی کے لیے ایک الیکٹرانک پورٹل کی تیاری کا کام جاری ہے۔ جس کے بعد عمرہ پراسیس میں تیزی اور شفافیت آئے گی ۔