سی پیک بلوچستان اور پاکستان کی ترقی کا منصوبہ ہے ،

اس سے صوبے میں سرمایہ کار ی آئی ، میر جام کمال سرمایہ کاری کیساتھ اپنے لوگوں کا تحفظ بھی ضروری ہے ،اڑھائی بلین روپے کی لاگت سے سیف سٹی منصوبے پر کام جاری ہے ،وزیراعلیٰ بلوچستان

ہفتہ 22 ستمبر 2018 14:22

سی پیک بلوچستان اور پاکستان کی ترقی کا منصوبہ ہے ،
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال نے کہا ہے کہ سی پیک بلوچستان اور پاکستان کی ترقی کا منصوبہ ہے اس سے صوبے میں سرمایہ کار ی آئی ، سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ اپنے لوگوں کا تحفظ بھی ضروری ہے ،اڑھائی بلین روپے کی لاگت سے سیف سٹی منصوبے پر کام جاری ہے ،ماضی میں سیف سٹی منصوبہ سیاسی بنیادوں پر تاخیر کا شکار رہا، محرم الحرام میں امن وامان کی صورتحال کو بہتربنا نے کیلئے پاک فوج ،ایف سی ،پولیس، لیویز نے بھرپور کردار ادا کیا ،یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز آئی جی پولیس بلوچستان کے دفتر میں قائم کنٹرول روم میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر صوبائی وزیرداخلہ میر سلیم کھوسہ ، رکن صوبائی اسمبلی محمد خان لہڑی ، چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ بھی انکے ہمراہ تھے ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ عاشورہ کے جلوسوں کی سکیورٹی کے حوالے سے ایک ہفتہ قبل ہی تیاریاں شروع کر دی گئی تھیںکوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر اضلاع کی بھی لائیو مانیٹرنگ کی گئی پاک فوج ایف سمیت تمام اداروں سے باہمی روابط کے ذریعے سیکورٹی انتظامات کئے ماضی میں عاشورہ جلوس کے دوران ناخوشگوار واقعات رونما ہوئے جس کے پیش نظر اس سال سکیورٹی کے انتہائی موثر اقدامات کئے گئے ،انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بہتری کیلئے انفراسٹرکچر سمیت ٹیکنالوجی میں بہتری کی ضرورت ہے سیف سٹی پروجیکٹ کو سیاسی بنیادوں پر تاخیر کا شکار بنانے سے مسائل کا سامنا کرنا پڑاسیف سٹی منصوبے کے تحت 1400 سے زائد جدید کیمرے نصب کئے جائینگے جن سے شہر بھر میں ہر قسم کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے گی اس منصوبے پراڑھائی بلین روپے لاگت آئے گی، امن و امان کی بہتری کے لئے پولیس اور لیویز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی بھی ضرورت ہے اس حوالے سے بھی مختلف امور پر کام جاری ہے ،انہوں نے کہا کہ سی پیک اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس سے بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہو گا سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ اپنے لوگوں کا تحفظ بھی بہت ضروری ہے انہوں نے کہا کہ یوم عاشورمذہبی لحاظ سے مسلمانوں کے لیے بہت بڑا دن ہے ملکی سطح پر یہ دن احترام اور عقیدت کے ساتھ منایا جاتا ہے،یہ دن ہمیں اسلام کی تاریخ میں شہدا کے قربانی کی یاد دلاتا ہے ماضی میں جلوسوں پر بہت سے ناخوشگوار واقعات گزرے ہیںحکومت بلوچستان کی جانب سے صوبے بھر میں یوم عاشور کے لیے بہتر سکیورٹی کا اہتمام کیا گیا تھا جس کی وجہ سے یوم عاشور پرامن اور بہتر طریقے سے اختتام پذیر ہوانہوں نے بتایا کہ نہ صرف کوئٹہ بلکہ صوبے کے دیگر حصوں کے جلوسوں کی بھی آئی جی پولیس آفس میں کنٹرول روم سے نگرانی کی گئی ۔