نواز شریف کا آج سے سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ

ضمنی انتخاب کے لیے مریم نواز کو بھی متحرک کریں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 22 ستمبر 2018 14:23

نواز شریف کا آج سے سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 ستمبر 2018ء) :سابق وزیراعظم نواز شریف اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد آج سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے اڈیالہ جیل سے رہا ہونے کے بعد سیاسی حالات پر بات کرنے سے انکار کر دیا تھا ، گذشتہ روز مسلم لیگ ن کے کئی رہنما نواز شریف سے ملاقات کے لیے جاتی امرا روانہ ہوئے لیکن انہیں اندر جانے کی اجازت نہ دی گئی۔

سکیورٹی اہلکاروں نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنوں کو بتایا کہ نواز شریف اور مریم نواز فی الوقت اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔ تاہم آج سابق وزیراعظم نواز شریف نے باقاعدہ طور پر سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ آج جاتی امرا میں نوازشریف سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات متوقع ہے جس میں مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی ۔

(جاری ہے)

پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران ضمنی انتخاب کی مہم میں مریم نواز کو متحرک کرنے کا فیصلہ بھی کیا جائے گا۔معتبر ذرائع کے مطابق مریم نواز نے جیل سے باہر آتے ہی پارلیمانی سیاست میں قدم رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ مریم نواز لاہور کے حلقہ این اے 127 سے ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گی۔ این اے 127 سے مسلم لیگ ن کے کامیاب لیکن کورنگ اُمیدوار علی پرویز اپنی نشست سے استعفیٰ دیں گے جس کے بعد مریم نواز اس حلقے سے الیکشن میں حصہ لیں گی۔

اڈیالہ جیل میں 68 دن قید رہنے کے بعد 19 ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطل کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا جبکہ تینوں قیدیوں کو 5،5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی جمع کروانے کا حکم دیا گیا ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے بعد تینوں قیدیوں کو اڈیالہ جیل سے رہا کر کے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور لایا گیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے کارکنان کی بڑی تعداد نے اپنے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا استقبال کیا ۔ رہائی کے بعد سے نواز شریف اور مریم نواز نے تعزیتی ملاقاتیں کیں تاہم اب سابق وزیراعظم نواز شریف اوران کی صاحبزادی نے باقاعدہ طور پر سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کی ابتدا آج سے ہو گی۔