میچ میں نامناسب رویے پر پاکستانی، افغان کھلاڑیوں کو جرمانے

حسن علی،اصغر افغان اور راشد خان کو ایک ، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 22 ستمبر 2018 14:48

میچ میں نامناسب رویے پر پاکستانی، افغان کھلاڑیوں کو جرمانے
دبئی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2018ء) پاک افغان میچ میں نامناسب رویے پر کھلاڑیوں کو جرمانے کر دیئے گئے۔ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق میچ کے دوران افغان بلے باز کے ساتھ نامناسب رویے اختیار کرنے پر پاکستانی فاسٹ باﺅلر حسن علی 15 فیصد میچ فیس سے محروم ہو گئے جب کہ آئی سی سی نے افغان کپتان محمد اصغر افغان او رلیگ سپنرراشد خان کو بھی میچ فیس کا15،15 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیاہے ، تینوں کرکٹرز کو ایک، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا۔

حسن علی نے افغانستان کی اننگز کے 33ویں اوور میں اپنی ہی گیند پر فیلڈنگ کے بعد گیند سٹرائیکر حشمت اللہ شاہدی کی طرف پھینکنے کی دھمکی دی تھی ، افغان کپتان اصغر افغان نے اننگز کے 37ویں اوور میں جان بوجھ کر حسن کے کندھے پر ٹکر ماری ،یہ پہلا موقع نہیں تھا جب اصغر افغان کو آئی سی سی کی جانب سے ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا ،اس سے قبل اپریل2017ءمیں بھی زمبابوے کے خلاف ون ڈے میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر ناپسندیدگی کا اظہار کرنے پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ ملا تھا ، لیگ سپنر راشد خا ن نے پاکستانی اننگز کے 47ویں اوور میں آصف علی کو آﺅٹ کرنے کے بعد ان کی جانب جارحانہ اشارہ کیا تھا جس پر انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

تینوں کھلاڑیوں نے اس سزاکو قبول کرلیا جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل تھیں جس میں سنسنی خیز میچ کے بعد پاکستان نے افغانستان کو 3 وکٹ سے شکست دی۔ان کھلاڑیوں پر یہ چارجز آن فیلڈ امپائرز انیل چوہدری ، شان جارج ،تھرڈ امپائر روڈٹکر اور فورتھ امپائر انیس الرحمان کی جانب سے لگائے گئے تھے ۔