روس کے ساتھ تعلقات تاریخ کے مضبوط مرحلے میں ہیں، سعودی سفیر

ہفتہ 22 ستمبر 2018 15:10

ماسکو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) روس میں تعینات سعودی عرب کے سفیر راید بن خالد قرملی نے کہا ہے کہ ان کے ملک کے روسکے ساتھ تعلقات تاریخ کے مضبوط ترین دور میں جاری ہیں۔العربیہ ٹی وی کے مطابق ماسکو میں روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کو دیئے ایک انٹرویو میں راید بن خالد قرملی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور روس کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور یہ تعلقات اپنے مضبوط ترین دور میں پہنچ گئے ہیں۔

ان کا یہ انٹرویو سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر لیا گیا۔

(جاری ہے)

سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب۔ روس تعلقات اپنی تاریخ کے مضبوط ترین دور سے گزر رہے ہیں۔ ایک دوسرے سوال کے جواب میں قرملی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور روس کے درمیان متبادل تجارتی روابط مضبوط ہو رہے ہیں۔ گذشتہ برس دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم میں 100 فی صد اضافہ ہوا جب کہ رواں سال کے پہلے چار ماہ میں مزید 86 فی صد اضافہ دیکھا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی روس میں سرمایہ کاری کا حجم دو ارب ڈالر ہے۔ سعودی انویسٹ فنڈ مستقبل قریب میں روس میں سرمایہ کاری کے حجم 10 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتا ہے۔