Live Updates

عاشورہ محرم کے دوران امن و امان کیلئے علماء کرام، پاک فوج، رینجرز، پولیس ، ضلعی انتظامیہ ،تمام متعلقہ محکموںکی خدمات قابل تحسین ہیں،راجہ راشد حفیظ

ضلع راولپنڈی میں محرم الحرام کے موقع پر امن عامہ و انتظامات کے انچارج پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ کی گفتگو

ہفتہ 22 ستمبر 2018 15:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) صوبائی حکومت کی طرف سے ضلع راولپنڈی میں محرم الحرام کے موقع پر امن عامہ و انتظامات کے انچارج پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے یوم عاشور کے پرامن انتظامات پر تمام مکاتب فکر کے علماء کرام،پاک فوج ،رینجرز ، پولیس ، انتظامیہ ،رضا کاروں،معاون اداروں اور پی ٹی آئی کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ افواج پاکستان سمیت رینجرز ، انتظامیہ، پولیس ، قانون نافذ کرنے والے اداروںکے افسران اور عملے نے دن رات ایک کرکے اپنے فرائض خوش اسلوبی سے سر انجام دیئے جس سے عاشورہ محرم کے دوران امن قائم رکھنے میں مدد ملی اور ملک دشمن عناصر کو کسی بھی مذموم کاروائی کا موقع نہیں مل سکا۔

راجہ راشد حفیظ نے امن عامہ قائم رکھنے کیلئے ضابط اخلاق کی پابندی پر تمام مکاتب فکرکے علماء کا شکریہ کیا اور کہاکہ شہریوںکے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کی فضاء برقراررکھنے میں اہلیان راولپنڈی نے مثالی تعاون کا مظاہر ہ کیا، انہوں نے کہاکہ تمام مسالک کے علماء اور تاجروں کے نمائندوں پر مشتمل ضلعی امن کمیٹی بھی راولپنڈی یوم عاشور پر دن بھر متحرک رہی اورمذہبی رواداری قائم رکھنے میں مدد کی جس پر کمیٹی ممبران کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ نے وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی کا شکریہ ادا کیا جنہوںنے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر یوم عاشور پر راولپنڈی میں محرم کے مرکزی جلوس میں شرکت کی ، علماء سے ملاقاتوںکے علاوہ جلوس کے مرکزی مقام پر نہ صرف خود موجود رہے بلکہ مدرسہ تعلیم القران سے ٹی ایم اے گورڈن کالج تک پیدل چل کرسکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا، ڈیوٹی پر موجود افسران اور جوانوں سے مصافحہ اور بغلگیر ہو کر ان کی حوصلہ افزائی کی اورراولپنڈی کی انتظامیہ اور پولیس کی امن و امان قائم رکھنے کی کوششوں کی تعریف کی۔

پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کمشنر راولپنڈی سیف انجم ، آر پی او فیاض احمد دیوںڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر عمر جہانگیر، سی پی او عباس احسن ،ایڈیشنل کمشنر کو آرڈینیشن طارق سلام مروت اور انتظامیہ وپولیس افسران کی طرف سے کنٹرول روم اور محرم کے جلوسوںاور امام بارگاہوں میں سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے بہترین خدمات سر انجام دینے پر ان کا شکریہ اداکیا اور کہاکہ باہمی کوششوں سے راولپنڈی میں محرم الحرام کے تمام جلوس بخیر و بخوبی انعقاد پذیر ہوئے اور عذاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئیں۔

انہوںنے پی ٹی آئی کارکنان فواد حسین بٹ، منیر قریشی ، شہزاد حسین بٹ، عمیر ملک کے جذبے کی تعریف کی جو دیگر کارکنان کے ہمراہ مرکزی جلوس میں موجود رہے اور انتظامی امور میں مددگار رہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات