ٹریفک حادثے کے ذمہ داروں کی شناخت کر کے انہیں جلد از جلد گرفتار کیا جائے، صوبائی وزیر اطلاعات

ہفتہ 22 ستمبر 2018 15:28

ٹریفک حادثے کے ذمہ داروں کی شناخت کر کے انہیں جلد از جلد گرفتار کیا ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) صوبائیوزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان اسلام آباد ہائی وے کھنہ پل کے قریب ٹریفک کے المناک حادثے میں ماں اور چار کم سن بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرنے سوگوار خاندان کے گھر گئے ۔ انہو ںنے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ماں کے ساتھ دو بچوں اور دوبچیوں کو ٹریفک حادثے میں موت کی گھاٹ اتارنے والے سفاک ڈرائیور کی گرفتاری میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔

حادثے کا شکار ہونے والے سوگوار خاندان کے سربراہ وسیم حبیب سے ڈاکٹر قدیر خان روڈ پر ان کی رہائش گاہ میں اپنی دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیرنے کہا کہ وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ․ انہو ںنے متعلقہ تھانے کے سربراہ کو ہدایت کی کہ کلوز سرکٹ سکیورٹی کیمروں سمیت دیگر تمام ذرائع سے مدد حاصل کی جائے اور اس المناک حادثے کے ذمہ داروں کی شناخت کر کے انہیں جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور ہنستے بستے گھر کو اجاڑنے والوں کو قانون کے تحت سخت سزادلوائی جائے ․ انہو ںنے مرحومین کے ایصال ثواب کے لیئے فاتحہ خوانی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالی پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء پنجا ب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان چیئرمین یونین کونسل 27 راولپنڈی اظہر اقبال ستی کے رہائش گاہ پر گئے اور ان کی خالہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ․ انہو ں نے مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیئے فاتحہ خوانی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ․ فیاض الحسن چوہان نے یونین کونسل 25کے معروف سماجی سیاسی شخصیت چوہدری عبدالمالک کی والدہ کے انتقال پرغمزدہ خاندان سے بھی تعزیت کا اظہار کیا ․ انہوں نے مرحومہ کی مغفرت اور پسماندگان کے لیئے صبر جمیل کی دعا کی۔