سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق پاناما ریفرنسز کی منتقلی کے خلاف نیب کی اپیل سماعت کیلئے مقرر کردی

پراسیکیوٹر جنرل نیب کو نوٹس جاری ،ْ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 25 ستمبر کو سماعت کرے گا عدالت نے این آر او کیس اور اصغر خان عملدرآمد کیس بھی 25 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر کردئیے ،ْرواں ہفتے اہم مقدمات کی سماعت ہوگی

ہفتہ 22 ستمبر 2018 15:55

سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق پاناما ریفرنسز کی منتقلی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق پاناما ریفرنسز کی منتقلی کے خلاف نیب کی اپیل سماعت کیلئے مقرر کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے پاناما ریفرنسز کی منتقلی کیخلاف چیئرمین نیب کی اپیل سماعت کیلئے مقرر کرتے ہوئے پراسیکیوٹر جنرل نیب کو نوٹس جاری کردیا۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 25 ستمبر کو سماعت کریگا۔یاد رہے کہ احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر نے مسلم لیگ (ن) کے تین رہنماؤں نواز شریف، مریم اور صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ اس کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے دیگر دو ریفرنسز العزیزیہ اور فلیگ شپ کو احتساب عدالت نمبر 2 منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

نیب نے نواز شریف کے خلاف ریفرنسز کی منتقلی کو چیلنج کر رکھا ہے۔سپریم کورٹ میں دیگر اہم مقدمات بھی سماعت کے لیے مقرر کردیے گئے ہیں جن میں آصف زرداری کی درخواست اور این آر او کیس بھی شامل ہے۔ سپریم کورٹ نے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرنے کے خلاف آصف زرداری کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 25 ستمبر کو سماعت کرے گا۔

آصف زرداری نے عدالت کی جانب سے اثاثوں کی تفصیلات طلبی کا حکم چیلنج کررکھا ہے۔سپریم کورٹ نے آصف زرداری اور پرویز مشرف سے 2007 اور موجودہ اثاثوں کی تفصیل طلب کی تھیں۔ دونوں رہنماؤں سے بیگمات اور بچوں کے اثاثوں کی تفصیل بھی مانگی گئی تھی۔ عدالت نے این آر او کیس اور اصغر خان عملدرآمد کیس بھی 25 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر کردئیے ہیں۔