باجوڑ ،تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا،

سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے شہر بڑی تباہی سے بچ گیا کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان کے نائب آپریشنل کمانڈر سمیت دو دہشت گرد مارے گئے، قبضے سے خود کش بیلٹ اور اسلحہ برآمد

ہفتہ 22 ستمبر 2018 15:59

باجوڑ ،تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا،
باجوڑ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے باجوڑ میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے شہر کو تباہی سے پچا لیا ، کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان کے نائب آپریشنل کمانڈر سمیت دو دہشت گرد مارے گئے، مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے ایک خود کش بیلٹ اور اسلحہ برآمدہوا۔

ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے تحصیل ماموند کے پہاڑی علاقہ گٹ آگرہ میں ایک خصوصی کاروائی کے دوران عسکریت پسندوں کی جانب سے ضلع میں دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ایک خود کش بمبار سمیت دو دہشت گرد ہلاک کیے ہیں۔ذرائع کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں میں کالعدم تحریک طالبان باجوڑ کے نائب اپریشنل کمانڈرجس کا تعلق دووواگئی تحصیل لوئی ماموند شامل ہیں جس نے خود کش پٹی پہنا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مذکورہ کمانڈر کا شمار سب سے زیادہ مطلوب عسکریت پسندوں میں ہوتا تھا جو مختلف سماج دشمن سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ لوگوں سے طالبان کے نام پر بھتہ لینے میں ملوث رہاہے اسی طرح ملکانان پر مختلف حملوں میں ملوث رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق مارے جانے والے مذکورہ کمانڈر ضلع کے مختلف علاقوں میں بم دھماکوں اور دیگر دہشت گرد کاروائیوں میں ملوث رہاہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ کمانڈر موجودہ وقت میں ضلع باجوڑ کے تحصیل لوئی ماموند، وڑ ماموند اور تحصیل ناوگئی کے بعض علاقوں میں کالعدم تحریک طالبان باجوڑ کا انچارج تھا۔ زرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کے کاروائی میں مارے جانے والے دوسرے دہشت گرد کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ذرائع کے مطابق کاروائی کے دوران مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے ایک خود کش بیلٹ، تین پستول، نو ایم ایم کے تیس کارتوس، ایک موبائل فون اور ایک عدد ٹارچ شامل ہیں برآمد کی گئی ہے۔