Live Updates

نجی شعبے کی شراکت سے پنجاب میں سیاحت کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں ‘عبدالعلیم خان

سرکاری رپورٹس اور روائتی فائل ورک نہیں عملی نتائج چاہتے ہیں ‘سینئر وزیر پنجاب کی افسران کو ہدایت

ہفتہ 22 ستمبر 2018 19:09

نجی شعبے کی شراکت سے پنجاب میں سیاحت کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں ‘عبدالعلیم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں نجی شعبے کی شراکت سے سیاحت کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں ،ملک کا سب سے بڑا صوبہ قدرتی حسن اور دلکشی سے مالا مال ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو بہترین تفریحی مواقع فراہم کرنے کیلئے درست سمت میں کام کیا جائے ۔اس امر کا اظہار انہوں نے محکمہ سیاحت کی100روزہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

وزیر سیاحت پنجاب راجہ یاسر ہمایوں ،چیف سیکرٹری پنجاب اکبر حسین درانی،سیکرٹری ٹور ازم اور سینئر افسران اس موقع پر موجود تھے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ روائتی سرکاری رپورٹس اور فائل ورک نہیں عملی نتائج چاہتے ہیں اور وقت آ گیا ہے کہ صرف سرکاری فنڈز خرچ کرنے کی بجائے پرائیویٹ سیکٹر کو پارٹنر بنایا جائے اور انہیں سیاحتی مقامات لیزیا شراکت کی بنا پر دیے جائیں تاکہ لوگوں کو کم سے کم اخراجات میں زیادہ سے زیادہ معیاری سہولتیں حاصل ہو سکیں ،سینئر وزیر نے کہا کہ مری کے علاوہ خوشاب ، چولستان ، ٹیکسلا ،کوٹلی ستیاں ،روہتاس اور کئی ایک مقامات پر سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ،اسی طرح پنجاب میں موجودہر ڈیم اور ہیڈ ورکس کے ساتھ ٹور ازم کی جگہیں بنائی جا سکتی ہیں جس کیلئے محکمہ سیاحت کو 100روز ہ پلان میں اتنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا ،عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ عالمی معیار کی کمپنیوں کو پنجاب کے سیاحت کے شعبے میں شامل کرنا چاہیے تاکہ عمران خان کے ویژن کے مطابق ٹورازم سیکٹر کو خود انحصار اور زیادہ سے زیادہ مفید بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیر سیاحت راجہ یاسر ہمایوں نے اجلاس کوبتایا کہ صرف ضلع چکوال میں 26جھیلیں ہیں جنہیں باقاعدہ سیاحتی پوائنٹس بنانے کیلئے کام کیا جا سکتا ہے اسی طرح ہیڈ بلوکی ،درابی جھیل اور دیگر مقامات کی نشاندہی کی جا رہی ہے جن پر جلد از جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا ۔ دریں اثناء سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے مذاکرا ت منسوخ کرنے کے بھارتی رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ پھر ہمارے ہمسایہ ملک کی اصلیت سامنے آ گئی ہے ،وزیر اعظم عمران خان نے خطے کے وسیع تر مفادات کیلئے مثبت تجاویز دیں تھیں جن کا انتہائی منفی جواب آنا ظاہر کرتا ہے کہ انڈیا کو نہ صرف پاکستان بلکہ اپنے عوام کے بہتر مستقبل کی بھی کوئی فکر نہیں،عبدالعلیم خان نے کہا کہ درحقیقت اصل مسئلہ کشمیر کا ہی ہے اور پاکستان کبھی بھی کسی بھی قیمت پر کشمیرکے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات