ایشیاء تجارتی و اقتصادی محرکات کا مرکز بن سکتا ہے ، ایشیاء کے لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے ، صادق سنجرانی

چیئرمین سینیٹ کا آذربائیجان کی مجلس ملی اور آذربائیجان کی پارلیمنٹ کی صد سالہ تقریبات میں شریک مندوبین سے خطاب

ہفتہ 22 ستمبر 2018 20:07

ایشیاء تجارتی و اقتصادی محرکات کا مرکز بن سکتا ہے ، ایشیاء کے لوگوں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ایشیاء تجارتی و اقتصادی محرکات کا مرکز بن سکتا ہے تاہم اس کیلئے ایشیاء کے لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے ۔یہ بات انہوں نے آذربائیجان کی مجلس ملی اور آذربائیجان کی پارلیمنٹ کی صد سالہ تقریبات میں شریک مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ یہ ایشیائی ممالک کے رہنمائوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایشیا ئی خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر اقدامات کریں ۔

سینیٹ سیکٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور دوست ملک آذربائیجان ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے اہم رکن ممالک ہیں ۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک علاقائی تعاون کے فروغ کیلئے نمایاں کردار ادا کرکے علاقائی تجارت اور اقتصادی ترقی میں بہتری لا سکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک قانون سازی اور ایک دوسرے کے تجربات سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک نے ہمیشہ علاقائی اور بین الاقوامی فورم پر ایک دوسرے کے نقطہ نظر کی حمائت کی ہے ۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور ناگورنو کارا باخ کے مسائل ایک جیسے ہیں جہاں مظلوم شہریوں پر ظلم اور بربریت کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی میںملوث ہے اور اقوام عالم کے انسانی حقوق کے ادارے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا سخت نوٹس لیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایشیائی ممالک کے مسائل کے حل اور باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے ایشیائی پارلیمانی اسمبلی اور آئی پی یو اہم فورم ہیں ۔ اپنے دورے کو اہم قرار دیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس دورے کے نتیجے میں دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا ۔ شرکاء نے محمد صادق سنجرانی کی تقریر پر دل کھول کر داددی اور پاکستان کے نقطہ نظر کو سراہا ۔ چیئرمین سینیٹ نے آذربائیجان کو اکتوبر میں گواد رمیںہونے والی ا یشائی پارلیمانی اسمبلی کی سیاسی امور کی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ وفد میں سینیٹرز سردار محمد اعظم خان موسیٰ خیل ، محمد ایوب آفریدی اور نگہت مرزا شامل ہیں ۔