سانحہ مستونگ ملک کی تاریخ کا ایک بڑا افسوسناک حادثہ تھا ،وزیراعلیٰ بلوچستان

سانحہ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما میرسراج خان رئیسانی نے ساتھیوں کے ساتھ ملک کی خاطر جام شہادت نوش کیا،سردار نوراحمد بنگلزئی سے بات چیت

ہفتہ 22 ستمبر 2018 20:40

سانحہ مستونگ ملک کی تاریخ کا ایک بڑا افسوسناک حادثہ تھا ،وزیراعلیٰ ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ سانحہ مستونگ ملک کی تاریخ کا ایک بڑا افسوسناک حادثہ تھا جس میں دہشت گردوں نے بہت سی بے گناہ لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا، سانحہ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما میرسراج خان رئیسانی نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملک کی خاطر جام شہادت نوش کیا، ان کی اس قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور حکومت سانحہ کے شہداء کے لواحقین او ر زخمیوں کی بھرپور معاونت کرے گی اس ضمن میں لواحقین اور زخمیوں کو معاوضوں کی ادائیگی آئندہ چند روز کے اندر کردی جائے گی۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے بی اے پی کے رہنما سردار نورمحمد بنگلزئی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ہفتہ کے روز ان سے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ سے متاثرین کو معاوضوں کی فراہمی کے عمل کی جلدتکمیل کی درخواست کے ساتھ ساتھ مستونگ میں گرڈ اسٹیشن کے قیام اور لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سانحہ مستونگ کے متاثرین کو معاوضوں کی فوری ادائیگی کے لئے محکمہ خزانہ کو ہدایت جاری کی گئی ہے، معاوضوں کی ادائیگی کی حکومتی پالیسی میں ترمیم کرتے ہوئے سانحہ مستونگ کے شہداء کے لواحقین کو دس لاکھ روپے کی بجائے پندرہ پندرہ لاکھ روپے اور زخمیوں کو دودولاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ اپنے دورہ اسلام آباد میں وفاقی حکومت سے مستونگ میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کی بات کریں گے جبکہ مستونگ میں گرڈ اسٹیشن کے قیام کے منصوبے کو مشترکہ مفادات کونسل کے ایجنڈا میں شامل کیا جائے گا۔