پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈ حکام کی دبئی میں ملاقات ،پاک بھارت سیریز کے حوالے سے معاملات زیر بحث آئے

کوشش ہے دو طرفہ سیریز کھیلیں، دونوں بورڈ کی سطح پرکوئی اختلاف نہیں ،سیاسی سطح پردونوں ممالک کوقریب آنیکی ضرورت ہے‘احسان مانی

ہفتہ 22 ستمبر 2018 21:07

پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈ حکام کی دبئی میں ملاقات ،پاک بھارت سیریز ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈ حکام کی دبئی میں ملاقات ہوئی ہے جس میں پاک بھارت سیریز کے حوالے سے معاملات زیر بحث آئے۔ایشیاء کپ کے موقع پر دبئی میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان کی جانب سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور سبحان احمد جبکہ بھارتی حکام میں امیتابھ چوہدری اور راہول جوہری شامل تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پاک بھارت سیریز پر آئی سی سی میں کیس بھی زیر بحث آیا جبکہ ایشین کرکٹ کونسل کا اگلا اجلاس نومبر میں لاہور میں ہونے کا امکان ہے۔بعدازاں چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان اوربھارت دو طرفہ سیریز کھیلیں، دونوں ممالک کے درمیان بورڈ کی سطح پرکوئی اختلاف نہیں تاہم سیاسی سطح پردونوں ممالک کوقریب آنیکی ضرورت ہے۔احسان مانی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت مختلف ٹورنامنٹس میں مدمقابل ہوتے ہیں، چیمپینز ٹرافی اور ایشیاء کپ میں بھی دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں ، لیکن خواہش ہے کہ دو طرفہ سیریز بھی ہونی چاہیے۔