معرکہ کربلا یقین اور استقامت کی معرکتہ الآرا ء داستان ہے ، یاسن ملک

عزداری کے جلوسوں پر تشدد اور پولیس ایکشن مذہبی عقیدے پر حملے کے مترادف ، بیان

ہفتہ 22 ستمبر 2018 21:25

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2018ء) لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے کہا کہ معرکہ کربلا اللہ میں مکمل یقین اور استقامت کی معرکتہ الآرا داستان ہے امام حسین ؓ اور ان کے مٹھی بھر ساتھیوں نے اپنے سرکٹا دینا قبول کیا لیکن ظالموں کے سامنے سرنگوں نہیں ہوئے۔ نو آبادیاتی طرز کا جبر وظلم اور جمہوری اقدار اور باتیں ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جڈی بل میں منعقدہ عاشورہ محرم کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین اور ان کے ساتھیوں نے اتحاد و اتفاق کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر دیا اور ہمارے لئے تاابدتک کے لئے ایک مثال بن گئے ۔ انہوں نے کہا کہ امام عالی مقامؓ نے ظالموں اور جابروں کی بالادستی کو قبول کرنے سے انکار کیا اور حق کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے اور جدوجہد کی انہوں نے کہا کہ ہم سبھی ایک کلمہ پڑھتے ہیں ایک ہی اللہ اور اس کے آخری نبی ؐ کو مانتے ہیں ، ایک ہی قبلے کی جانب نمازیں ادا کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ وحدت ہمیں بھی اپنے فروغی اختلافات کو چھوڑ کر ایک ہو جانے کا سبق دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستر برس سے زائد عرصے سے کشمیری دنیاکی سب سے بڑی جمہوریت کہلانے والے بھارت کے ہاتھوں ظلم و جبر اور تعری کا شکار ہے ۔ ہمارے جواں سال بیدردی کے ساتھ کٹ رہے ہیں ۔ انہیں کالے قوانین کے تحت جیلوں اور ٹارچر سیلوں کا شکار بنایا جا رہا ہے اور اس ظلم و جبر نے ہماری سرزمین کو ایک کربلا میں تبدیل کر دیا ہے ۔ ۔