عزاداروں کے خلاف طاقت کا بے تحاشا استعمال اور گرفتاریاں ریاستی دہشتگردی ہے ، سید علی گیلانی

امام حسینؐ نے محلوکیت کے خلاف مزاحمت اور خلافت کے قیام کے لئے شہادت پائی ، بیان

ہفتہ 22 ستمبر 2018 21:25

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2018ء) کل جماعتی حریت کانفرنس ’’گروپ‘‘ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ عزاداروں کے خلاف طاقت کا بے تحاشا استعمال اور گرفتاریاں ریاستی دہشتگردی کے مترادف ہے اپنے ایک بیان میں حریت راہنما نے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس موقع پر جلوسوں پر پابندی عزاداروں کے خلاف طاقت کا بے تحاشا استعمال اور انہیں گرفتار کر کے تھانوں میں ڈالنا مداخلت فی الدین اور ریاستی دہشتگردی ہے انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے دوران سینکڑوں عزاداروں کو تشدد کر کے زخمی کیا گیا جو کہ انتہائی قابل مذمت اور ایک آمرانہ اور غاصبانہ کارروائی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امام حسین نے وقت کے ظالم اور جابرانہ حکمرانوں کے خلاف حق و صداقت کی علم کو اپنی اور اپنے اہل بیت کی شہادت سے بلند رکھنے کی ایک مثال قائم کی ہے جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان کی حیثیت سے ہمیں حق و صداقت کی سربلندی اور اسے غالب کرنے کے لئے اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے گریز نہیں کرنا چاہئے یہاں تک کہ ظلم و جبر ناپید ہو کر عدل و انصاف کا نظام رائج ہو سکے ۔ ۔