خاتون ڈاکٹر پر جنسی حملہ، شیخ زید ہسپتال کے 2 عہدیداران معطل

ہسپتال کے دونوں عہدیدران کو معطل کردیا گیا ہے، ترجمان شیخ زید ہسپتال رانا الیاس احمد

ہفتہ 22 ستمبر 2018 21:25

خاتون ڈاکٹر پر جنسی حملہ، شیخ زید ہسپتال کے 2 عہدیداران معطل
رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2018ء) رحیم یار خان کے شیخ زید میڈیکل کالج ہسپتال میں خاتون ڈاکٹر پر جنسی حملے کا واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر مبارک علی چوہدری اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام ربانی کو فرائض سے غفلت پر معطل کردیا گیا۔ پنجاب کے محکمہ اسپیشلائز ہیلتھ اور میڈیکل ایجوکیشن نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے مبارک علی چوہدری کو معطل کرنے کا اعلان کیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ نئے احکامات آنے تک ان کی جگہ ڈاکٹر عبدالرحمٰن شیخ زید ہسپتال کے پرنسپل کے عہدے پر رہیں گے۔علاوہ ازیں متعلقہ حکام نے ڈاکٹر غلام ربانی کو نوٹیفکیشن کے تحت معطل کیا اور ان کی جگہ اسسٹنٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد محمود کو میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔

(جاری ہے)

شیخ زید ہسپتال کے ترجمان رانا الیاس احمد نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کے دونوں عہدیدران کو معطل کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایسشن (وائے ڈی ای) کے ڈاکٹر شبیر وڑائچ نے الزام لگایا تھا کہ ہسپتال کے سوئپر کی جانب سے خاتون ڈاکٹر پر جنسی حملے کا واقعہ بدھ کے روز پیش آیا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پرنسپل اور ایم ایس کی جانب سے واقعے کو منظر عام پر نہ لانے کے لیے متاثرہ خاتون ڈاکٹر پر دباؤ ڈالا گیا تھا۔واضح رہے کہ ینگ ڈاکٹرز نے سینئر ڈاکٹرز کے مذکورہ اقدام کے خلاف ہفتے کے روز احتجاج کرنے کا اعلان بھی کردیا۔

متعلقہ عنوان :