10محرم الحرام کو مجموعی طور پر عزاداری کے 207جلوس اور 83مجالس عزا پرامن طور پر اختتام پذیر ہو گئیں، کمشنر بہاولپور

ہفتہ 22 ستمبر 2018 21:54

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2018ء) کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے کہا ہے کہ بہاول پو رڈویژن میں 10محرم الحرام کو مجموعی طور پر عزاداری کے 207جلوس اور 83مجالس عزا پرامن طور پر اختتام پذیر ہو گئیں اور اس سلسلہ میں محرم الحرام کے مقدس و بابرکت ایام کے دوران تمام مسالک کے اکابرین اور پیروکاروں، انجمن تاجران، سول سوسائٹی کے نمائندگان کے مثالی تعاون سے ڈویژن بھر میں مذہبی اتحاد ویگانگت، بھائی چارے اور رواداری کی مثالی فضا اتحادبین المسلمین کا مثالی نمونہ رہی ہے۔

یہ بات انہوں نے آج یہاں اپنے آفس کے کانفرنس روم میں ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بہاول پور ڈویژن میں عزاداری کے 207جلوسوں میں سے Aکیٹگری کے 20جلوس،Bکیٹگری کے 21جلوس اور Cکیٹگری کے 166جلوس برآمد ہوئے جبکہ ڈویژن بھر میں 10محرم الحرام کو 83مجالس عزا برپا ہوئیں جن میں Aاور Bکیٹگری کی سات سات جبکہ Cکیٹگری کی 69مجالس عزا شامل تھیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے بتایا کہ ضلع بہاول پور میں عزاداری کے 112جلوس اور 33مجالس عزا، ضلع بہاول نگر میں عزاداری کے 20جلوس اور 36مجالس عزا جبکہ ضلع رحیم یار خاں میں عزاداری کے 75جلوس اور 14مجالس عزا منعقد ہوئیں۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے کہا کہ رواں سال محرم الحرام کے دوران عزاداری جلوسوں اور مجالس عزا کو سیکورٹی کور کی فراہمی، عزاداری جلوسوں کے روٹس کی کلیئرنس، لائٹس اور متبادل روشنی کے مناسب انتظامات کے لئے ڈویژن، ڈسٹرکٹ، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر ایک جامع اور موثر ضابطہ کار بروئے کار لایا گیا تھا جس پر من وعن عملدرآمد کرتے ہوئے تمام متعلقہ ڈویژنل، ڈسٹرکٹ وتحصیل کے انتظامی افسران نے یکم محرم الحرام سے پہلے ہی تمام مسالک کے اکابرین، علمائے کرام اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اجلاس منعقد کر کے تمام تصفیہ طلب امور کو خوش اسلوبی سے قبل ازوقت طے کر لیا تھا۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے مزید کہا کہ بہاول پور ڈویژن میں باہمی رواداری کی اعلیٰ اور انتہائی متاثرکن تہذیبی و ثقافتی روایات ، شہریوں کے شیریں لب ولہجہ اور تمام مسالک اور عقائد کی عزت واحترام کی مثالی فضا اس خطہ کا قیمتی اثاثہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ یہی تہذیبی وثقافتی پرامن فضا وطن عزیز کے چپے چپے کی حسن وزیبائی کا باعث بنے۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے مزید کہا کہ انتظامیہ، پولیس، محکمہ صحت، سول ڈیفنس، ریسکیو1122، پاک آرمی ودیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی باہمی معاونت و مشاورت سے مرتب کردہ لائحہ عمل کے تحت یکم محرم سے 10محرم تک بروئے کار لائے گئے اقدامات و انتظامات کامیابی سے اختتام پذیر ہوئے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ بہاول پور ڈویژن کے تینوں اضلاع بہاول پور، بہاول نگر اور رحیم یار خاںمیں عزاداری جلوسوں ومجالس عزا کے روٹس کی کلیئرنس، مرمت اور صفائی و ستھرائی کے لئے تمام اداروں نے انتہائی محنت اور قومی جذبہ سے سرشار ہو کر خدمات سرانجام دی ہیں۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن نے محرم الحرام کے 10ایام کے دوران لوڈ شیڈنگ نہ کرنے اور متبادل بجلی کا انتظام رکھنے پر میپکو حکام کی تعریف کی۔انہوں نے امن کمیٹیوںکے مثبت وتعمیری رول کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بہاول پور ڈویژن میں امن کمیٹی کے اراکین مجالس عزا اور عزاداری جلوسوں میں عملی طور پر شرکت کرتے ہیں اور پولیس و انتظامیہ کے ساتھ ان کا رابطہ مستقل بنیادوں پر قائم رہتا ہے۔

پریس کانفرنس سے ڈپٹی کمشنر بہاول پور محمد ایوب خان بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہوم ڈیپارٹمنٹ کے 13اگست کے جاری کردہ ہدایت نامہ کے مطابق ضلعی وتحصیل امن کمیٹیوںاور مینجمنٹ کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل بروئے کار لایا گیا اور امن کمیٹیوں وانجمن تاجران کے نمائندگان کی سربراہی میں سفیران امن کے قافلوں نے بہاول پور کی تمام تحصیلوں کے اہم وحساس مقامات پر امن کی کاوشوں کو فروغ دیا۔

انہوں نے کہا کہ عزاداری جلوسوں کی مانیٹرنگ کے لئے 155کلوز سرکٹ کیمروں کا استعمال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ رواں سال معمولی نوعیت کے تنازعات کے فوری تصفیہ کے لئے پنچائیت کی طرز پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز و ایس ڈی پی اوز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جنہوں نے موثر اور فعال کردار ادا کرتے ہوئے امن وامان کے حصول کے لئے قابل قدر خدمات سرانجام دیں