Live Updates

نیا بلدیاتی نظام عوام کی امنگوں اورخواہشات کے عین مطابق ہوگا،بلدیاتی نمائندوں کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنایا جائیگا

وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت اجلاس، نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیاگیا

ہفتہ 22 ستمبر 2018 22:12

نیا بلدیاتی نظام عوام کی امنگوں اورخواہشات کے عین مطابق ہوگا،بلدیاتی ..
لاہور۔22 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام عوام کی امنگوں اورخواہشات کے عین مطابق ہوگا اوربلدیاتی نمائندوں کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے حوالے سے نیا نظام اہم کردارادا کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں میں چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے گااورنئے نظام میں شفافیت کوہر قیمت پر ملحوظ خاطر رکھاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ ایسا نظام وضع کیا جارہا ہے جس سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے۔نیا نظام موجودہ سٹیٹس کو ختم کرے گا۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نظام عوام کا نظام ہوگا اوروہی اس میں بااختیار ہوں گے۔سینئر صوبائی وزیر بلدیات عبدالعلیم خان اورسیکرٹری بلدیات نے نئے بلدیاتی نظام کے خدوخال کے حوالے سے بریفنگ دی۔اجلاس میں صوبائی وزراء ،اعلی حکام اورسیکرٹریز نے شرکت کی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات