ایم بی بی ایس کی کلاسز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ اتوار23ستمبر کوہوگا‘ فیصل آباد میں تین مراکز قائم

ہفتہ 22 ستمبر 2018 22:25

فیصل آباد۔22 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیراہتمام میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کی کلاسز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ اتوار23ستمبر کو منعقد ہورہا ہے۔فیصل آباد میں امیدواروں کیلئے تین امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔زرعی یونیورسٹی اور گورنمنٹ کالج خواتین یونیورسٹی مدینہ ٹائون کے امتحانی مراکز میں طالبات اورجی سی یونیورسٹی کے اولڈ کیمپس میں طلباء امیدوار انٹری ٹیسٹ دیں گے۔

فیصل آباد کے ان امتحانی مراکز میں مجموعی طور پر 6613،امیداروں کو انٹرنس کارڈ جاری کئے گئے ہیں جن میں 2462طلباء اور4152طالبات شامل ہیں۔امیدوارطلباء وطالبات کا امتحانی مراکز میں داخلہ صبح ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوجائے گااور سوانو بجے تک داخلے کی اجازت ہوگی اور ٹیسٹ دس بجے شروع ہوگا اور ساڑھے بارہ بجے اختتام پذیر ہوگا۔

(جاری ہے)

امیدوار اپنی شناخت کے لئے رولنمبر سلپ کے ہمراہ اصل شناختی کارڈ یا ڈومیسائل یا پاسپورٹ ضرور لائیںبصورت دیگر انٹری ٹیسٹ میں شامل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

امتحانی مراکز میں موبائل فون،ڈیجیٹل ڈائریاں،کتابیںِ،کھانے پینے کی اشیاء،ہینڈ بیگز ودیگر اشیاء لانے پر پابندی عائد ہے۔امیدوارصرف دوعدد نیلی بال پوائنٹ اورصاف کلپ بورڈ لائیں گے۔ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک مشتاق حسین،اسسٹنٹ کمشنرزڈاکٹر انعم،لیاقت علی کلہورو،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم کے ہمراہ انٹری ٹیسٹ کے امتحانی مراکز کا دورہ کرکے ضروری انتظامات کاجائزہ لیا۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کو اپنی ڈیوٹیز احسن طریقے سے انجام دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ انٹری ٹیسٹ شروع ہونے سے قبل سے لیکر اختتام کے اُس وقت تک چوکس انداز میں ڈیوٹی دی جائے جب تک آخری امیدوار بخیر وخوبی واپس نہیں چلے جاتا۔انہوں نے کہا کہ امیدواروں کے کمرہ امتحان تک جانے کیلئے رہنمائی بورڈ واضح طور پر نصب ہونے چاہیں۔انہوں نے کہا کہ انتظار گاہ میں والدین کیلئے پینے کے پانی کا خصوصی طور پر بندوبست کیا جائے جبکہ ٹک شاپ کی سہولت بھی فراہم کریں۔

امتحانی مراکز میں پولیس،ریسکیو1122،سپیشل برانچ،ٹریفک پولیس،سول ڈیفنس،محکمہ صحت،میونسپل کارپوریشن،واسا،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،پارکنگ کمپنی اور دیگر محکموں کے سٹاف کی ڈیوٹیز لگائی گئی ہیں جبکہ امیدواروں کے ساتھ آنیوالے والدین/لواحقین کیلئے انتظارگاہ کا خصوصی طور پر اہتمام کیا گیاہے ۔علاوہ ازیں سخت ترین سیکورٹی انتظامات کے لئے واک تھروگیٹس نصب کئے گئے ہیں اور ٹریفک مینجمنٹ کیلئے وارڈنز اورگاڑیوں کی فری پارکنگ کے لئے پارکنگ کا سٹاف کام کرے گا۔