وزیراعلیٰ بلوچستان کا کوئٹہ سمیت صوبہ بھرمیں عاشورہ محرم کے جلوسوں کے پرامن انعقاد اور اختتام پر اطمینان کا اظہار

سیکیورٹی کے بھرپوراورمؤثراقدامات کرنے پر پولیس،لیویز،ایف سی اورپاک فوج کے افسروں اوراہلکاروں کو شاباش

ہفتہ 22 ستمبر 2018 22:25

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کوئٹہ سمیت صوبہ بھرمیں عاشورہ محرم کے جلوسوں ..
کوئٹہ۔ 22ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ سمیت صوبہ بھرمیں عاشورہ محرم کے جلوسوں کے پرامن انعقاداوراختتام پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے سیکیورٹی کے بھرپوراورمؤثراقدامات کرنے پر پولیس،لیویز،ایف سی اورپاک فوج کے افسروں اوراہلکاروں کوشاباش دی ہے۔وزیراعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ حکومتی کوششوں ،سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں اورعوام کے بھرپورتعاون کے نتیجے میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال میں ماضی کے مقابلے میں کئی گنابہتری آئی ہے،عاشورہ محرم کے جلوسوں اورمجالس اعزأکا پُرامن ماحول میں انعقاد صورتحال کی بہتری کا مظہر ہے جس کیلئے سیکیورٹی ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔

وزیراعلیٰ نے محرم کے دوران فرقہ ورانہ ہم آہنگی ،بھائی چارے اوریکجہتی کی فضاء کے فروغ کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے مثبت کردار کو سراہاہے جبکہ انہوں نے سیکیورٹی اداروں سے بھرپورتعاون کرنے پر عوام کاشکریہ اداکیاہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہارکیاہے کہ ہم کسی کو اپنے درمیان ناتوتفرقہ پیداکرنے دیں گے اورنہ ہی شدت پسندانہ ذہنیت کے حامل عناصر کو اپنے صفوں میں داخل ہونے دیں گے اوربھرپوراتحادکامظاہرہ کرتے ہوئے شدت پسندی اوردہشت گردی کو شکست دیں گے۔