پاکستان کو درد محسوس کرانے کا وقت آگیا ہے ،ْ بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکی

ہفتہ 22 ستمبر 2018 22:47

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے گیدڑ بھبکی لگائی ہے کہ پاکستان کو درد محسوس کرانے کا وقت آگیا ہے ،ْبھارت کوپاکستان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ضرورت ہے اور ان کی فوج اور دہشت گردوں کی کارروائیوں کا جواب دینا ہوگا۔انڈیا ٹی وی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی جنرل نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کو انہی کی زبان میں جواب دینا چاہیے۔

جنرل بیپین روات نے بھبکی لگائی کہ ہمیں پاکستانی فوج اور دہشت گردوں کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے جواب میں سخت کارروائی کرنی چاہیے، جی ہاں اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو ان کی زبان میں سمجھایا جائے۔بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ دوسری جانب بھی ایسا ہی درد محسوس ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارتی حکومت کی جانب سے وزرائے خارجہ کی سطح پر ملاقات کی منسوخ کرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات اور دہشت گردی ایک ساتھ جاری نہیں رہ سکتے۔

بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہماری حکومت کی پالیسی اس حوالے سے واضح ہے اور ہمیں اس بات میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ نہیں کہ دہشت گردی اور مذاکرات ایک ساتھ جاری نہیں رہ سکتے۔انہوں نے ایک مرتبہ پھر پاکستان پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کرنے ہوں گے۔